اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم کو سوڈان میں خانہ جنگی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے بھرپور اور فعال کردار ادا کر ے‘پاکستان علماء کونسل

سعودی عرب کا سوڈان سے غیر ملکیوں کے انخلاکیلئے کردار نا قابل فراموش ہے ،ہزاروں غیرملکی محفوظ طریقہ سے جدہ پہنچ چکے ہیں پاکستان کشمیر کے معاملہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے ، 2مئی کو اسلام آباد میں وحدت امت کانفرنس منعقد ہو گی

بدھ 26 اپریل 2023 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2023ء) پاکستان علما کونسل سوڈان کے تمام فریقوں سے مذاکرات سے مسائل حل کرنے کی اپیل کرتی ہے ، اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم کو سوڈان میں خانہ جنگی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے بھرپور اور فعال کردار ادا کر ے، سعودی عرب کا سوڈان سے غیر ملکیوں کے انخلاکیلئے کردار نا قابل فراموش ہے ،سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کے بروقت اقدامات سے ہزاروں غیرملکی محفوظ طریقہ سے سوڈان سے جدہ پہنچ چکے ہیں ، پاکستان کشمیر کے معاملہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے ، 2 مئی کو اسلام آباد میں وحدت امت کانفرنس منعقد ہو گی۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا عبید اللہ گورمانی ، علامہ طاہر الحسن، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا اسلم صدیقی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا سعد اللہ شفیق، مولانا عبد الستار، قاری عبد الحکیم اطہر، مفتی عمر فاروق، مولانا زبیر کھٹانہ ، حافظ ثاقب منیر، مولانا انوار الحق مجاہداور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ ایک جسم کی طرح ہے جسم کے کسی بھی حصہ میں تکلیف ہو تو پوری امت کیلئے تکالیف کا سبب ہے ، اب جب کہ ایران سعودی عرب تعلقات بحال ہو چکے ہیں ، عرب اسلامی ممالک کے درمیان دوریاں ختم ہو رہی ہیں ، شام کے ساتھ بھی عرب اسلامی ممالک کے تعلقات بحالی کی طرف جا رہے ہیں اس موقعہ پر سوڈان میں خانہ جنگی کی کیفیت پوری امت مسلمہ کیلئے تشویش کا سبب ہے ۔

سوڈان کے تمام طبقات سے تمام مذاہب و مسالک کی قیادت اپیل کرتی ہے کہ وہ معاملات کو افہام و تفہیم اور مذاکرات سے حل کریں اور اس سلسلہ میں اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ سوڈان سے پاکستانیوں سمیت ہزاروں غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے سعودی عرب کا کردار قابل تحسین ہے ۔ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی میں سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی نگرانی میں سعودی قیادت جو کوششیں کر رہی ہے اس کی تحسین پوری دنیا سے ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کشمیر ، فلسطین سمیت امت کے مسائل پر اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ، پاکستان کا کشمیر کے مسئلہ پر موقف واضح ہے ۔ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ، ہندوستان کی طرف سے ہم جی 20میں شامل ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے اقلیتوں اور کشمیر یوں پر مظالم کو سامنے رکھتے ہوئے جی 20 کے اجلاس کا بائیکاٹ کریں ، ان شا اللہ آر 20 میں شامل مذہبی قائدین کسی بھی صورت مقبوضہ کشمیر میں کسی اجلاس کیلئے نہیں جائیں گے ۔