ای سی پی کی اسکروٹنی کمیٹی کو سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق رپورٹ 15 دن میں پیش کرنے کی ہدایت

جمعرات 11 مئی 2023 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2023ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسکروٹنی کمیٹی کو سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق رپورٹ 15 دن میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس بات کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران تین اہم ایجنڈوں پر تبادلہ خیال کے لیے موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی تین نشستوں این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کورنگی پر ضمنی انتخابات 28 مئی کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں حیدرآباد بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کی شکایات پر بھی غور کیا گیا۔کمیشن نے یونین کونسل 119 حیدرآباد میں ضمنی انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی سماعت 15 مئی کو مقرر کی ہے اورصوبائی الیکشن کمشنر، ریٹرننگ آفیسر (آر او)، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے تین دن کے اندررپورٹ طلب کی گئی ہے۔امیدواروں، آر اوز، ڈی آر اوز، متعلقہ حکام اور ضلعی پولیس افسران کو 15 مئی کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔