Live Updates

نواز شریف کی بطور صدر (ن) لیگ بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد

سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا ،ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی‘رجسٹرار آفس

پیر 29 مئی 2023 17:52

نواز شریف کی بطور صدر (ن) لیگ بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2023ء) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ (ن) بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔رجسٹرار آفس کی طرف سے لگائے گئے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا ،لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بطور مسلم لیگ (ن)کے صدر بحالی کے لئے درخواست دائرکی گئی تھی، درخواست آفاق احمد ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید، الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ 2017ء میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا، عمران خان اور شیخ رشید نے نواز شریف کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 2018ء میں سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے مگر چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کا حکم جاری کرے۔بعدازاں لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کر دیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات