امیرجماعت اسلامی سندھ کا آئی جی سندھ سے رابطہ

ضلع کشمور میں امن و امان کی خراب صورتحال، اغوا برائے تاوان خواتین و بچوں کی گمشدگی پرتشویش سے آگاہ کیا امن کی بحالی کے لیے علاقے کی بااثر شخصیات سردار محبوب علی بجاررانی اور رکن سندھ اسمبلی میر عابدخان سندرانی سے بھی رابطہ چند کالی بھیڑیوں کے مشکوک و ظالمانہ کردار سے پورے محکمے کی ساکھ متاثر اور عوام کا اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔ پولیس تھانوں سے اغوا برائے تاوان مغویوں کی برآمدگی تشویش ناک و لمحہ فکریہ ہے ،محمد حسین محنتی

بدھ 31 مئی 2023 23:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2023ء) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن سے رابطہ کرکے کراچی تا کشمور سندھ میں بدامنی خاص طور پر ضلع کشمور میں امن و امان کی خراب صورتحال، اغوا برائے تاوان خواتین و بچوں کی گمشدگی اور جعلی پولیس مقابلوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور زوردیا کہ پولیس قیام امن جرائم کے خاتمے اور مغویوں کی بازیابی کے لیے اپنا فرض پورا کرے۔

صوبائی امیر کا کہنا تھاکہ دہشتگردی کے خاتمے سمیت امن و امان کے قیام کے لیے قابل و فرض شناس پولیس اہلکاروں کا کردار قابل تعریف اور قربانیاں قابل تحسین ہیں۔پولیس کے ہراچھے کام پران کے ساتھ ہیں مگر چند کالی بھیڑیوں کے مشکوک و ظالمانہ کردار سے پورے محکمے کی ساکھ متاثر اور عوام کا اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس تھانوں سے اغوا برائے تاوان مغویوں کی برآمدگی تشویش ناک و لمحہ فکریہ ہے۔

آئی جی پولیس نے صوبہ میں قیام امن اور معصوم عظیم مینک سمیت مغویوں کی بازیابی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے پولیس ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سمیت ہرممکن کوششیں کر رہی ہے۔ سیاسی جماعتیں پولیس کا ساتھ دیں تاکہ مل کر جرائم اور ان کے سرپرستوں کا خاتمہ کریں۔ سندھ کے امیر نے علاقے کے بااثر سرداروں سابق ضلع ناظم سردار محبوب علی بجاررانی اور رکن سندھ اسمبلی میر عابدخان سندرانی سے بھی رابطہ کرکے ضلع کشمورایٹ کندھکوٹ میں قیام امن اور قبائلی تصادم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

دونوں سرداروں نے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی کے تحت آج ڈی سی آفس سے لیکر گھنٹہ گھر چوک تک انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ شرکاء نے امن کھپے امن کھپے، ڈاکو راج ختم کرو کی سخت نعرے بازی کی۔ جبکہ معصوم بچے عظیم مینک نازیہ کھوسہ اور دیگر درجن بھر مغویوں کے لیے احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔سخت گرمی کے باوجود شہر کی مختلف سیاسی سماجی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اقلیتی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز چنا، مولانا رفیع الدین اور امیر ضلع غلام مصطفیٰ میرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بدامنی ولاقانونیت نے عوام کی زندگی اجیرن اورنفسیاتی مریض بنادیا ہے حکومت اورادارے خاموش تماشائی اورعملی طورعوام کو ڈاکوئوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا ہے ،رہنماوں نے ضلع کشمور میں امن امان کی بحالی مطالبہ کیا۔