افواج پاکستان ملک کے دفاع کی ضامن ہیں ، حکومت آئین و قانون کے تحت 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے ، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 3 جون 2023 18:40

افواج پاکستان ملک کے دفاع کی ضامن ہیں ، حکومت آئین و قانون کے تحت 9 مئی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کے دفاع کی ضامن ہیں ، حکومت آئین و قانون کے تحت 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے ، معیشت کی ترقی میں چیمبر آف کامرس کا کردار بہت اہم ہے، آنے والا بجٹ عوام کے لئے ریلیف لے کر آئے گا، گزشتہ روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام رئیل اسٹیٹ ایکسپو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایک المناک دن تھا جسے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا ، انہوں نے کہا شرپسندوں نے پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کی عمارات، تنصیبات، شہداء کی یادگار اور ان کے پورٹریٹس کو نذر آتش کیا ، اس قسم کے تشدد کی مثال نہیں ملتی ، انہوں نے کہا افواج پاکستان ملکی سلامتی کی ضامن ہیں، 22 کروڑ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں، قومی اداروں کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ، گورنر نے کہا کسی کو بھی متشدد رویے اور نفرت انگیز تقاریر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، حکومت آئین و قانون کے تحت شر پسندوں اور ان کو اکسانے والے کرداروں کے خلاف کارروائی کرے گی ، انہوں نے کہا کہ تجارت کا پہیہ چلانے کے لئے چیمبر آف کامرس کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، اچھا کاروبار ، اچھی سیاست اور اچھی پالیسیز میں ایمانداری ضروری ہے ، انہوں نے کہا کوئی بھی ملک بزنس انوائرمنٹ سے جانا جاتا ہے، سال 2018 میں پالیسیز اور شعبوں میں توازن تھا ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ٹیم نے 1998 میں ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا ، آج وہی ٹیم معاشی بہتری کے لئے کام کر رہی ہے ، انہوں نے کہا حکومت نے بارٹر ٹریڈ کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے ، بارٹر ٹریڈ سے پاکستان کی مارکیٹ کو بہت فائدہ ہو گا ، انہوں نے کہا ایکسپورٹ میں اضافہ سے معیشت میں بہتری آئے گی ، ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو بڑھانا بہت ضروری ہے ، انہوں نے کہا حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے ، آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا، بجٹ سے تعلیم کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی بہتری آئے گی، ایکسپو میں گروپ لیڈر چیمبر آف کامرس سہیل الطاف، صدر ثاقب رفیق، چیئرمین ایکسپو سردار تنویر و دیگر نے شرکت کی۔