چارٹر آف اکانمی پر مل بیٹھنا موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے، گورنر حاجی غلام علی

صوبائی کابینہ اور صوبہ بھر کی بزنس کمیونٹی کو ایک جگہ دیکھ کے خوشی بھی ہوئی اور امید بھی مستحکم ہوئی کہ معاشی ترقی کے لیے اتفاق رائے قائم ہوگا،فیڈریشن آف پاکستان کو چیک حوالہ کرنے کی تقریب اور میڈیا سے بات چیت

منگل 6 جون 2023 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2023ء) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کے حالات اور عوامی توقعات کو دیکھتے ہوئے ہمارہ فرض بنتا ہے کہ اپنی بساط سے بڑھ کر مثبت فیصلے اور اقدامات کریں کیونکہ اگر آج ہم ایک نہ ہوئے تو آنے والا وقت ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گا، فیڈریشن آف پاکستان اور پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کا ایک ہی نعرہ ہے کہ چارٹر آف اکانمی کو اتفاق رائے سے نافذ کیا جائے، پوری امید ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور بزنس کمیونٹی مل کر ملک کو معاشی عدم استحکام کی صورتحال سے نکال باہر کر لینگے، صوبائی نگران کابینہ اور صوبے کی بزنس کمیونٹی نے یکجا ہو کر پہل کر دی ہے اب ان شااللہ ملکی سطح پر بھی ایسا ہی اتفاق و اتحاد قائم ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے گورنرہاؤس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈانڈسٹری ریجنل آفس پشاور کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے 10 کروڑروپے کا چیک ایف پی سی سی آئی خیبرپختونخواکے کوارڈینیٹر سرتاج احمد خان کو حوالے کرنے کے بعد اپنے خطاب اور میڈیا سے بات چیت میں کیا۔

تقریب میں نگران صوبائی کابینہ کے اراکین سمیت پی ایس سی آئی کے صدر سلمان الہٰی ملک، چارسدہ چیمبر کے سکندرخان، ملاکنڈ چیمبر کے صدر شعیب خان، دیرچیمبر کے صدر نورعالم باچا، باجوڑ چیمبر کے سابق صدر لعلی شاہ، کرم چیمبر کے صدر ظاہر شاہ، صوابی چیمبرکے صدر بابرہمایون، چترال چیمبرکے صدر صدر قذافی، کوہاٹ چیمبر کے صدر ارشد حیات، چیئرمین اے پی سی ای اے سیدمنہاج الدین باچا، ایبٹ آباد چیمبر کے صدر عبدالرشید، ہری پور چیمبرکے صدر طیب سواتی، مہمند چیمبرکے صدر خواجہ عبدالقدوس، سابق صدر سجاد علی، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور سمیت صوبے کے تمام چیمبرز کے موجودہ وسابق صدور اوردیگرعہدیداران سمیت مختلف چھوٹے بڑے کاروبار سے وابستہ بزنس کمیونٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں میئرپشاور حاجی زبیر علی بھی موجود تھے۔اس موقع پر کیک بھی کاٹاگیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی میں بزنس کمیونٹی کے کردار اور اہمیت کو کسی طور بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، یہ لوگ اس ملک کے وجود میں ریڑھ کی ہڈی سے بھی زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اور اسکے ساتھ ساتھ پورے ملک کے چیمبرز اور کاروباری طبقے کا اس وقت صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے اور اسے حقیقی معنوں میں اپنے پائوں پر کھڑے کرنے کے لیے ہم سب کو چارٹر آف اکانومی کے قابل عمل نفاذ کے لیے ایک ہونا ہوگا، اور یہ مطالبہ موجودہ حالات اور عوامی توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے سو فیصد درست سمجھتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ لاہور کے حالیہ دورے میں جہاں بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوئیں وہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی اس حوالے سے ملاقات میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پوری امید اور پورا یقین ہے کہ سیاسی جماعتیں اور بزنس کمیونٹی چارٹر آف اکانومی کے لیے اتفاق رائے قائم کر لینگی اور پھر پاکستان کی عوام دن دگنی و رات چگنی ترقی کے خواب کو حقیقی معنوں میں شرمندہ تعبیر ہوتے دیکھینگے۔

گورنر نے کہاکہ ملک کی بزنس کمیونٹی نے بالعموم اور خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی نے بالخصوص گزشتہ بیس سالوں میں جو مالی و جانی قربانیاں دیں ہیں ان کو الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنا ناممکن ہے کیونکہ یہ ڈٹے رہے اور حالات کا مقابلہ کرتے رہے۔ گورنر نے واضح کیا کہ اگر حکومتیں اور کاروباری طبقہ ایک پیج پر ہوگیا تو ملک کی تقدیر بدل جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس کاروباری طبقہ ادا کرتا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ انہی ٹیکس کے پیسوں سے ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں ہے،صوبہ میں کاروبار کے فروغ اور کاروبار طبقہ کے مسائل کے خاتمہ کے ساتھ انکے لئے آسانیاں پیدا کرنا میرا مشن ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بزنس کمیونٹی کے مطالبہ پر تقریب میں موجود وزیراعلیٰ کے مشیر برائے محکمہ مال سے درخواست کی کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں چیمبرز کے قیام کیلئے اراضی کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور تمام اضلاع میں چیمبرز کو اپنے دفاتر کی تعمیر کیلئے محکمہ مال نہ صرف بھرپور تعاون کرے بلکہ اراضی کی نشاندہی کر کے متعلقہ امور کو جلد نمٹا کر کاروباری طبقہ کو ریلیف فراہم کرے۔

اس موقع پر فیڈریش کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان نے گورنر اور صوبائی کابینہ سمیت نگران وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورنر حاجی غلام علی کی قیادت میں صوبے کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل سمیت تجارت کے فروغ کے لیے اسی طرح کامیابی سے قدم آگے بڑھاتے رہینگے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر حاجی غلام علی کو انکی خدمات کے لیے فیڈریشن اور چیمبرز کی جانب سے سوینیئر بھی پیش کیا گیا۔