Live Updates

ہم سیاست میں انتقام کے حامی نہیں، آج جو بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہو رہا ہے یہ مکافات عمل ہے، حاجی غلام علی

بدھ 7 جون 2023 15:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ہم سیاست میں انتقام کے حامی نہیں، آج جو بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہو رہا ہے یہ مکافات عمل ہے، اب بھی وقت ہے کہ عمران خان سیاسی جماعتوں اور قوم سے معافی مانگ لیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ سیاسی جماعتوں کو برا بھلا کہا اور ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا،کیوں عمران خان جیل سے ڈر رہے ہیں، کچھ نہیں بگڑے گا اگر وہ کچھ دن جیل میں گزار لیتے ہیں، کیا شریف برادران اور آصف علی زرداری نے جیل کی صعوبتیں برداشت نہیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ آج عمران خان مذاکرات کرنا چاہ رہے ہیں لیکن کوئی نہیں سن رہا اور اب تو صورتحال یہ ہے کہ ان کی مذاکراتی ٹیم خود بھاگ گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو کئی بار سمجھایا کہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کو نہ توڑے لیکن ان کی ایک بھی نہ سنی گئی اور وہ آج پچھتا رہے ہیں،ہم نے 9 مئی کے واقعات کے بعد پولیس پر گرفتاریوں کے لیے زور نہیں دیا اور نہ میں اس قسم کی سیاست کرتا ہوں، جو رہنما روپوش ہیں وہ واپس آ جائیں اور عدالت کا سامنا کریں اگر بے قصور ہیں تو باہر آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وژن کھل کر سامنے آگیا ہے، نوجوانوں کو پتا چل گیا ہے کہ ملکی سالمیت کس جماعت کو عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں بے تحاشا سیاسی بھرتیاں ہوئیں، خیبرپختونخوا اسمبلی میں 140 لوگوں کے لیے 945 ملازمین کام کر رہے ہیں سوات یونیورسٹی میں ایسے افراد بھرتی کیے گئے جنھوں نے ڈیوٹی تک جوائن نہیں کی اور وہ تنخواہ وصول کر رہے ہیں ،میں نے وائس چانسلر کو خط لکھ کر صاف کہہ دیا کہ ایسے ملازمین کی تنخواہیں میں آپ سے وصول کروں گا۔

انہوں نے صوبے کے مالی بحران کے حوالے سے کہا کہ 10سال صوبے پر حکومت پی ٹی آئی نے کی۔گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ وفاق سے صوبے کے بقایا جات کے لیے بات چیت چل رہی ہے اور جون کے آخر تک پیسے مل جائیں گے، اس وقت ملک کے حالات اور عوامی توقعات کو دیکھتے ہوئے ہمارہ فرض بنتا ہے کہ اپنی بساط سے بڑھ کر مثبت فیصلے اور اقدامات کریں ،اگر آج ہم ایک نہ ہوئے تو آنے والا وقت ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات