بجٹ میں صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس کی رقم مختص کرناخوش آئند ہے، کے یو جے دستور

جمعہ 9 جون 2023 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے)دستور نے وفاقی بجٹ میں پہلی بار صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کی مد میں ایک ارب روپے مختص کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف, وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انشورنس کے لئے جو بھی مکینزم بنایا جائے تو اس میں صحافی تنظیموں اور  پریس کلبز کو بھی مشاورت میں شامل کیا جانا چاہئے تاکہ اس ہیلتھ انشورنس کے عمل کو خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔

کے یوجے دستور کے صدر خلیل ناصر ، جنرل سیکریٹری نعمت خان اور مجلس عاملہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس  کے لئے خاص طور پر اس مہنگائی کی اس مشکل  گھڑی میں جب ایک صحافی کم اور تاخیر سے تنخواہوں ملنے پر مالی طور پر پریشان ہے وہاں یہ سہولت میسر آنا کسی نعمت سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

کے یو جے دستور نے مطالبہ بھی کیا ہے کہ مختلف اداروں میں  اشتہارات کے واجبات  کو  ملازمین کی تنخواہ اور واجبات کی مکمل ادائیگی سے مشروط کیا جائے، واجبات ان اداروں کو  ادا کیے جائیں جو صحافیوں کو بروقت تنخواہ جاری کرتے ہیں اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ میڈیا اداروں میں کم سے کم تنخواہ کی مقرر کردہ حد کم نہ ہو۔

ہم امید کرتے  ہیں  کہ جلد عمل درآمد کرکے عام صحافی تک یہ سہولت پہنچائی جائے گی۔