شہید رینجرز اہلکار نائیک دلشاد علی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

منگل 8 اگست 2023 12:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2023ء) شہید رینجرز اہلکار نائیک دلشاد علی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری بہار کالونی الفلاح چوکی میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں سنیپ چیکنگ ڈیوٹی پر تعینات شہید رینجرز اہلکار نائیک دلشاد علی کی نماز جنازہ ہیڈ کوارٹر پا کستان رینجرز (سندھ) جناح کورٹس بلڈ نگ میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں ہوم سیکریٹری سندھ، ڈی جی رینجرز(سندھ)، آئی جی پولیس سندھ،رینجرز، پولیس کے اعلیٰ افسران اور جوانو ں نے شرکت کی۔بعد نماز جنازہ شہید کے جسد خا کی کو آبائی گاؤں خیر پور میرس میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے روانہ کیاگیا۔شہید نائیک دلشاد علی 23 سال قبل پاکستان رینجرز سندھ میں بطورسپاہی بھرتی ہوئے تھے اورنہایت جانفشانی سے اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیئے۔

(جاری ہے)

سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان برقراررکھنے کے لیے کراچی آپریشن سمیت دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں سندھ رینجرز کے ابتک 152افسران اور جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں اور آفیسرز کے حوصلے بلند ہیں اور کسی بھی دہشتگردی کو قلع قمع کرنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔