آزاد و مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشترکہ جدوجہد سے تحریک آزادی کشمیرزندہ ہے، سپیکر چوہدری لطیف اکبر

پیر 28 اگست 2023 19:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2023ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ آزاد و مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشترکہ جدوجہد سے تحریک آزادی کشمیرزندہ ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے کے علاوہ کشمیریوں کی شناخت مٹانے کے درپے ہے اورمنفی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیاجا رہا ہے۔

تحریکہ آزادی کشمیر تاریخ کے نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ موجودہ حالات میں ہمیں مل کر دنیا کے ہرفورم پر کشمیرکاموقف مزید موثر انداز میں اجاگر کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں دائرہ علم و ادب پاکستان کے زیراہتمام سینئرکشمیری حریت رہنما، دانشور و مصنف غلام نبی نوشہری کی تصنیف بعنوان ''نقش ناتمام'' کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ غلام نبی نوشہری کی سیاسی و علمی میدان میں تحریک آزادی کیلئے خدمات بڑے سرمائے کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام اور تحریکوں کی زندگی میں اتار چڑھائو آتا رہتا ہے لیکن ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ مسلسل اتارچڑھائو کا سامنا کرنے کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کوجاری رکھنا ہم سب کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا مودی حکومت اپنے مکروہ عزائم پرعمل پیرا ہے اور بھارتی اقدامات کافی تشویشناک ہیں۔ سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ جہاد محض تلوار اور بندوق سے نہیں ہوتا بلکہ عصر حاضر میں قلمی و علمی میدان اور سوشل میذیا کے ذریعے بھارت کااصل چہرہ دنیاکے سامنے بے نقاب کرناوقت کی ضرورت ہے۔ ہمیں مایوسی کی بجائے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے یکسو رہنا چاہیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان فرید پراچہ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ بھارت تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکا۔ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدامات کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے حکمران محض زبانی دعوئوں کی بجائے عملی طور پر دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر حریت رہنما غلام محمد صفی، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، کنوینئر حریت کانفرنس آزاد کشمیر محمود احمد ساغر، حریت رہنما محمد فاروق رحمانی رحمانی، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق، سلیم گردیزی، پرویز اقبال اور دیگر مقررین نے غلام نبی نوشہری کی تازہ تصنیف کو کشمیری علم و ادب کے میدان میں سنہری اضافہ قرار دیا اور واضح کیا کہ موجودہ حالات میں ہر میدان میں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور بھارت کے منفی حربوں کی ناکامی کیلئے مزید موثر سنجیدہ اقدامات کرنا ازحد ضروری ہے۔