اے ٹی پی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، محمد فائق شاہ

جمعہ 22 ستمبر 2023 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2023ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ امن ترقی پارٹی پورے پاکستان سے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، الیکشن کمیشن کے اعلان میں تاخیر مگر دیر آیا درست آیا کے مترادف، ہم بھرپور انتخابی مہم اور جمہوری ضابطہ اخلاق کے مطابق گھر گھر پیغام پہنچائیں گے، وہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد بریفنگ دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی رہنما اویس خان، میاں آصف محمود ایڈووکیٹ، نزاکت حسین ایڈووکیٹ، حکیم اسماعیل، یونس تابانی، اور دیگر صوبائی رہنما بھی ورچوئل میٹنگ میں موجود تھے، انہوں نے کہا کہ عوامی اختیار اور انصاف ہمارا مقصد ہے جس کیلئے براہ راست عوام اور ان کے حقیقی نمائندوں کو حکومتی بورڈز میں شامل کیا جائے گا، شخصی، موروثی، اور کرپشن کی سیاست اور اقتدار کی رسہ کشی ختم کریں گے، نوجوان، اہل افراد اور باصلاحیت لوگ آگے آئیں یہ وقت آگے بڑھ کر کردار ادا کرنے کا ہے، امن ترقی پارٹی شعور بھی ہے، عوامی طاقت بھی اور ترقی کا جدید ماڈل بھی، ہم تعلیم، زراعت، صنعت اور تجارت کو بنیادی ترجیح دیں گے اور ان شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کریں گے تاکہ مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے، انصاف اور اختیار کیلئے ہر طرح کی اصلاحات لائیں گے، غریب افراد کو مفت قانونی معاونت اور تھانے میں ان کی حفاظت کے اقدامات کئے جائیں گے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کے خاتمے اور کمزور افراد کو انصاف فراہم کیا جائے گا، امن ترقی پارٹی سندھ، بلوچستان ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نوجوانوں اور تمام طبقات کو شامل اقتدار کرے گی جو اپنے اختیار سے اپنے علاقے کے مسائل حل کریں گے، ایک تیز رفتار نیٹ ورک بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم تمام افراد کو دعوت دینے ہیں کہ بھرپور انتخابی مہم شروع کی جائے محاسبہ اور دھوکہ دینے والوں کا احتساب عوام نے کرنا ہے، ووٹ سے، سوچ سے اور جمہوری اقدار سے آگے بڑھیں منزل عوام کی ہوگی، ملک ترقی کرے گا