سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہوکر زندگی گزارنے سے ہی تبدیلی آئے گی ہم نے سیرت اور شریعت کو چھوڑ کر باطل کی روش اپنا رکھی ہے، علامہ راشد سومرو

بدھ 27 ستمبر 2023 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) جمعیت علمااسلام سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشدمحمودسومرو نے کہاہے کہ سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوکر زندگی گزارنے سے ہی تبدیلی آئے گی ہم نے سیرت اور شریعت کو چھوڑ کر باطل کی روش اپنا رکھی ہے جس کی وجہ ہم تنزلی کا شکار ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور میں سیرت النبی کانفرنس، لاڑکانہ میں ڈویژنل اجلاس اورسکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جے یوآئی رہنمائوں مولانا سعودافضل ہالیجوی، مولانا عبداللہ پہوڑ، مولانا عبداللہ سومرانوی ، مولانا صالح اندھڑ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ ختم نبوت کے تحفظ اور ناموس صحابہ کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کرتے رہیں گے حیدرآباد واقعے کا ذمہ دار گرفتار ہوچکا ہے ،انہوں نے کہاکہ بڑی بدقسمتی ہے کہ کلمہ اور اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں انبیا کے وارث علما کو ہمیشہ اقتدار سے دور رکھا گیا لیکن پارلیمنٹ میں 76سال سے موجود علما کرام پر کبھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ کے ہر ایشو اور مسئلہ پر صدا بلند کی ہے ، چاہے وہ مساجد و مدارس کے تحفظ کا ہو ، کرونا وائرس اور سیلاب متاثرین کی بحالی کا موقع ہو ، عوام کی بلاتفریق خدمت ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوںنے کہاکہ جے یوآئی سندھ کے وسائل جزائر معدنیات اور زمینوں کی غیر قانونی فروخت کیخلاف عوام کی آواز بنی رہی ہے ، ہم نے اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں ، تعلیم سے محروم سندھ کے ساٹھ لاکھ بچوں کیلئے اسکولوں میں داخلے کی تحریک چلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جییوآئی نے ہمیشہ صحت مراکز میں عوام کو فری علاج معالجے کی آواز بلند کی ہے ، سندھ کے ڈاکو راج کے خلاف ہر محاذ پر جمعیت علما میدان عمل میں رہی ہے اور شہری اور دیہی عوام کا کیس دلیری سے لڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جے یوآئی 22 اکتوبر سے دو نومبر تک سندھ میں ایک اور تحریک کا آغاز کرنے جارہی ہے ، سندھ میں بدامنی آٹے کی مد میں صرف ایک سال میں 77 ارب کی خرد برد اور پندرہ سالہ سیاہ دور حکمرانی کیخلاف میدان میں نکل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 12 روزہ امن مارچ سندھ کی تقدیر بدل دے گا ، سندھ کے وسائل کو فروخت کرنے والوں کے خلاف کشمور سے کراچی تک جے یوآئی امن مارچ کرے گی آنے والا دور سندھ میں تبدیلی کی لہر لیکر آئے گا۔