الیکشن میں چھوٹی پارٹیاں اور آزاد امیدواروں کی اکثریت جیتے گی

کچھ گارنٹیاں نوازشریف کو باہر سے اور کچھ اندر سے دی گئیں جس کے بعد وہ آ رہے ہیں۔مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 7 اکتوبر 2023 13:57

الیکشن میں چھوٹی پارٹیاں اور آزاد امیدواروں کی اکثریت جیتے گی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 اکتوبر 2023ء ) مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت سے اچھے تعلقات ہیں۔انہوں نے 92 نیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت تو پرویز الہیٰ سے ملنے کے لیے جیل بھی گئے لیکن بچوں کی لڑائی میں مفاہمت نہیں ہو رہی۔پاکستان میں نظریاتی سیاست 80 اور 90 کی دہائی میں ہوتھی تھی۔

چارٹر آف ڈیموکریسی کے بعد نظریات کو ایک طرف رکھ دیا گیا اور اس کے بعد پاکستان کی تاریخ میں بہت بڑا این آر او ہو گیا ہے،انہوں نے کہا جن بڑی پارٹیوں کو حقائق کا ادراک نہیں ہے انہیں علم نہیں کہ چھوٹی پارٹیوں اور آزاد نمائندے اکثریت میں جیت کر آئیں گے۔اعجاز الحق نے نوازشریف کی واپسی سے متعلق کہا کہ یہ وہی لاہور ہے جہاں شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگتے تھے، اب اس کو بھگانا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ گارنٹیاں نوازشریف کو باہر سے اور کچھ اندر سے دی گئی ہیں جس کے بعد وہ آ رہے ہیں۔خیال رہے کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے۔ نواز شریف اپنی آمد کے ساتھ پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری لانے کے لئے بھی کوشاں ہیں، 4 اہم ممالک کا دورہ کرنے کے پروگرام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ میاں محمد نواز شریف کا آئندہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کا امکان ہے، سعودی عرب دورہ کے دوران میاں نواز شریف عمرہ کی ادائیگی بھی کریں گے۔

مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف وطن واپسی سے قبل متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے، سابق وزیر اعظم کا قطر کے مختصر دورہ کا بھی پلان زیر غور ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ واپسی سے قبل نواز شریف کا چین کا اہم دورہ کرنے کا بھی امکان ہے، نواز شریف کی ٹیم کے چینی حکام کے ساتھ بھی رابطے ہوئے ہیں۔ چین کی جانب سے نواز شریف کے ساتھ کام کرنے کا گرین سگنل مل گیا ہے، نواز شریف کی جانب سے وطن واپسی پر ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑے اعلانات متوقع ہیں۔