تحریک لبیک پاکستان جہاد فلسطین کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، میر ہاد احمد قادری

اس وقت دنیا کے 57اسلامی ممالک خاموش تماشائی کا کردار اد ا کررہے ہیں،ضلعی امیرتحریک لبیک

پیر 30 اکتوبر 2023 20:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2023ء) تحریک لبیک ضلع مظفرآباد کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز ایم سی ڈی پی پلازہ اپر اڈہ میں منعقد ہوا ،اجلاس میں سرپرست اعلیٰ ضلع مظفرآباد محمد بشیر قریشی ،امیر ضلع مظفرآباد میر فرہاد احمد قادری ،نائب امیر محمد وسیم رضوی،نائب ناظم اعلیٰ ذوالفقار احمد شیخ، ناظم مالیات فراز احمد ترک، سیکورٹی انچارج حافظ محمد صفدر، تحریکی ڈیزائنر محمد مزمل بشیر قریشی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں تنظیم سازی کے حوالے سے مفصل گفتگو کی گئی اور تنظیم سازی کو جلد مکمل کرنے کی پلاننگ کی گئی۔اس موقع پر امیر ضلع مظفرآباد میر فرہاد احمد قادری نے گزشتہ ماہ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا،تمام عہدیداران سے ان کی رپورٹ طلب کی گئی۔

(جاری ہے)

ضلع مظفرآباد میں تحریک لبیک کی تنظیم سازی تمام یوسیز اور وارڈ سطح پر کرنے کے لیے مشاورت کی گئی۔

اس موقع پرعہدیداران نے عالمی دہشتگرد اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم ،میزائل حملوں میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں،بزرگوں،خواتین کی شہادتوں پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔امیر ضلع مظفرآباد میر ہاد احمد قادری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فی الفور جہاد کا اعلان کرے ،تحریک لبیک پاکستان جہاد فلسطین کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ان شاء اللہ اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لیے ہر میدان میں نکلنے کے لیے تیار ہیں۔

بیت المقدس کی آزاد ی کے لیے ہم اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کے 57اسلامی ممالک خاموش تماشائی کا کردار اد ا کررہے ہیں کسی میں ہمت نہیں کہ وہ عالمی دہشتگرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیلی کی دہشتگردی پر ان کو لگام ڈال سکے۔امریکہ جیسا دہشتگرد ملک اسرائیلی کے ساتھ کھڑا ہے مگر مسلمان ممالک صرف دعائوں کی حد تک محدود ہیں کسی بھی اسلامی ملک نے اس وقت تک عملی کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔