Live Updates

سابق امریکی صدر نے عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا، محمود مولوی

ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے ثابت ہوگیا حقیقی آزادی کا نعرہ ایک ڈھکوسلا تھا، صدر استحکام پاکستان پارٹی سندھ

بدھ 8 نومبر 2023 22:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2023ء) استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردِ عمل کا اظہا رکرتے ہوئے کیا، جس میں ٹرمپ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے امریکی حملے میں مارے جانے پر عمران خان کے ردعمل کے بارے میں انکشافات کیے۔

محمود مولوی نے کہا کہ ایک طرف مسلمان ہمسائے ایران سے دوستی اور امریکا کے سامنے ڈٹ جانے کے دعوے اور دوسری طرف ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کی امریکا کے ہاتھوں شہادت پر خوشی کا اظہار، یہ امریکا نوازی اور دوغلے پن کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ سائفر جھوٹ ہے اور عوام کو بہکانے کیلئے حقیقی آزادی کا نعرہ لگایا جارہا ہے۔

اب ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کا اصل چہرہ پوری دنیا کو دکھادیا ہے اور بتا دیا ہے کہ وہ کتنا امریکا مخالف ہے۔صدر آئی پی پی سندھ محمود مولوی نے کہا کہ عمران خان ٹرمپ اور امریکہ کے حامی تھے، پھر بھی انہوں نے اپنے سیاسی فائدے کیلئے پوری قوم کو دھوکہ دیا اور پاکستان کی سفارتی تباہی کا باعث بنے۔ کیا چیئرمین پی ٹی آئی ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کریں گی ٹرمپ کے انکشاف نے عمران خان کے چہرے سے امریکا دشمنی کا نقاب اتار دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات