مخدوم امین فہیم پارٹی کا اثاثہ تھے،دہائیوں پر محیط جدوجہد کی وجہ سے ان کوطویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا، بلاول بھٹو زرداری

منگل 21 نومبر 2023 11:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سابق سینیر وائس چیئرمین و وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کو ان کی آٹھویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بلاول ہائوس کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ مخدوم امین فہیم تحمل مزاج اور رواداری پسند سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ پروقار شخصیت کے مالک اور بڑے دل والے انسان تھے۔

(جاری ہے)

وہ پارٹی کے ان چند رہنماوَں میں سے ایک تھے، جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کابینہ کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت عوامی حکومت میں بھی بطور وفاقی وزیر خدمات سرانجام دیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخدوم امین فہیم حقیقی معنوں میں پارٹی کا اثاثہ تھے۔ مخدوم امین فہیم کو ملک و قوم کے لیے دہائیوں پر محیط جدوجہد اور قوم کے لیے بیش بہا خدمات کی وجہ سے پاکستان کی تاریخ میں طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔