شہباز شریف کی رزمک اور جنوبی وزیرستان، وانا میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت

بدھ 22 نومبر 2023 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2023ء) سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رزمک اور جنوبی وزیرستان، وانا میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے ۔ بدھ کو اپنے مذمتی بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ رزمک میں بزدلانہ حملے میں لانس نائک احسان بادشاہ اور لانچ نائک ساجد حسین کی شہادت پر دلی دکھ ہوا۔سابق وزیراعظم نے وزیرستان کے علاقے وانا میں دھماکے میں صدارتی ایوارڈ یافتہ قبائلی سردار ملک اسلم نور، ان کے بیٹے سمیت 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر بھی رنج و غم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے ہمارے عزم کو مضبوط تر کرتی ہیں۔قوم کے ان بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو دہشتگردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں اپنی جان کی عظیم قربانی پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بہادر عوام نے بڑی عظیم قربانیاں دی ہیں، محب وطن پشتون عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت سے افواج پاکستان اور عوام دہشت گردی کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔