ٹیپ بال کرکٹ اسٹریٹ بوائز کو اسٹار بوائز بنانے کی سیڑھی ہے ، گورنرسندھ

گلی محلوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،ٹیب بال پریمیئر لیگ کی تقریب سے خطاب

بدھ 22 نومبر 2023 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2023ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ ٹیپ بال کرکٹ اسٹریٹ بوائز کو اسٹار بوائز بنانے کی سیڑھی ہے اور اس کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ گلی محلوں میں موجو د ٹیلنٹ کو نکھار کر سامنے لایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار گورنرسندھ نے کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی اور کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد ، سابق ٹیسٹ کرکٹرز مشاق محمد، صادق محمد ، ہارون الرشید ، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز ، پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ، بدر ایکسپو سلوشنز کے زبیر نصیر بھی موجود تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ٹیب بال کرکٹ کراچی کا چہر ہ ہے کیونکہ گرائونڈ ز کی عدم دستیابی کے باعث نوجوان گلی کوچوں اور سڑکوں پر کھیلنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار مواقع فراہم کرنا ضروری ہے،مجھے امید ہے کہ کراچی ٹیپ بال پریمئیر لیگ نئے ٹیلنٹ ابھارنے کے لئے اہم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں نوجوان ٹیپ بال سے کھیل کر ہی آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام نامور کرکٹرز نے ٹیب بال سے کرکٹ ضرور کھیلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور خصوصی بچوں کے لئے بھی پریمیئر لیگ کا انعقاد کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کیلئے کھیل کود اور تفریح لازم و ملزوم ہیںاس ضمن میں کراچی ٹیپ بال پریمئیر لیگ کا انعقاد ایک خوش آئند عمل ہے کیونکہ پاکستان میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ میں کرکٹ کے فروغ کے لئے میرا ہرممکن تعاون جاری رہے گا۔تقریب سے جاوید میانداد ، متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی ، ہارون الرشید ، صادق محمد ، سرفراز احمد اور زہیر نصیر نے بھی خطاب کیا ۔