کراچی،سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم لشکرجھنگوی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد گرفتار

جمعرات 23 نومبر 2023 14:26

کراچی،سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم لشکرجھنگوی سے تعلق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2023ء) سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے آپریشن کرتے ہوئے کالعدم لشکرجھنگوی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے سائٹ اے کے علاقے میں انفارمیشن بیسڈ آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران کالعدم لشکرجھنگوی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگرد گرفتارکر لئے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان نے اورنگی میں لشکرجھنگوی کا خفیہ سیل بنایا ہوا تھا جبکہ مگھوپیراقبال مارکیٹ اور پاکستان بازار میں ٹارگٹ کلنگ کرتے تھے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں امین عرف منا عرف منیرعرف چنگاری، شاہنواز عرف سلیم مکینک، معاذ خان اور یاسین بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان نے اقبال مارکیٹ کے علاقے میں مولانا رحیم کو قتل کیا اور اقبال مارکیٹ کے علاقے میں ہی شمیم خان کی ریکی کرکے ٹارگٹ کلنگ کی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کالعدم لشکر جھنگوی کے نامی گرامی دہشت گرد ہیں، امین عرف منا 27 قتل کیسز میں 9 سال ، شاہنواز عرف سلیم متعدد قتل کیسز میں 18 ماہ سے زائد جیل کاٹ چکا ہے۔ترجمان کے مطابق ملزمان سے 3 پستول اور موٹرسائیکل برآمدہوئی، ملزمان نے مزید ٹارگٹ کلنگ بھی کرنی تھی تاہم تفتیش کا عمل جاری ہے۔