آئی جی پنجاب سے چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر مدثر نواز کی قیادت میں وفد کی ملاقات

سی پی او گوجرانوالہ نے آئی جی پنجاب اور ڈاکٹرز کے وفد کو مقتول ڈاکٹر ذیشان انور کے قتل کی تفتیش میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا

پیر 27 نومبر 2023 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر مدثر نواز کی قیادت میں ڈاکٹرز کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ چیئرمین وائے ڈی اے سروسز ہسپتال ڈاکٹر محمود الحسن، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گجرات ڈاکٹر مقصود زاہد، جنرل سیکرٹری وائے ڈی اے گجرات ڈاکٹر عدیل،سابق چیئرمین وائے ڈی اے پنجاب ڈاکٹر سعود افضل اور سابق صدر وائے ڈی اے گجرات ڈاکٹر احتشام وفد میں شامل تھے۔

دوران ملاقات سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم اور دیگر سینئر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔وفد نے آئی جی پنجاب سے دو ہفتے قبل گجرات میں قتل ہونے والے ڈاکٹر ذیشان انور کی تفتیش کے حوالے سے گفتگو کی،سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے آئی جی پنجاب اور ڈاکٹرز کے وفد کو مقتول ڈاکٹر ذیشان انور کے قتل کی تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا،سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں، جیو فینسنگ اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان تک جلد پہنچ جائیں گے، محمد ایاز سلیم نے کہاکہ سی آئی اے گوجرانوالہ کو بھی ڈاکٹر ذیشان انور کے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا ہے، مختلف پہلوں کو مدنظر رکھ کر قتل کی وجوہات اور محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او گجرات کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور کیفرکردار تک پہنچانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے ہدایت کہ سی پی او گوجرانوالہ اپنی نگرانی میں اس ہائی پروفائل کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچائیں۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی کی قیادت میں وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور وفد میں شامل عہدیداران نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کو مقتول ڈاکٹر ذیشان انور کے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی یقین دہانی کروائی۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے موٹر سائیکل حادثات کی روک تھام کے لیے سائیڈ مرر، چین کور سمیت احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر زور دیا،وفد میں شامل ڈاکٹرز نے کہاکہ موٹرسائیکل مینوفیکچرنگ کے دوران ضروری تبدیلوں سے حادثات میں کمی ممکن لائی جا سکتی ہے، دوران ملاقات لاوارث مریضوں کی شناخت کے حوالے سے محکمہ پولیس اور نادرا کے درمیان کوارڈینیشن مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا،نائب صدر پی ایم اے پنجاب ڈاکٹر سلمان کاظمی، ڈاکٹر حمیرا اور ڈاکٹر ارم شہزادی سمیت دیگر ڈاکٹرز پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد میں شامل تھے۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، پی ایس او صاحبزادہ بلال عمر اور اے آئی جی لیگل آصف علی شیخ سمیت دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔