محمدشہباز شریف کی چلاس سے آنیوالی مسافربس پر فائرنگ کی مذمت،شہداء کے اہل خانہ و زخمیوں سے اظہارہمدردی

اتوار 3 دسمبر 2023 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر وسابق وزیراعظم محمدشہباز شریف نے چلاس سے آنے والی مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔اتوار کے روز جاری اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بس پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے،یہ بس پر نہیں، پاکستان پر حملہ ہے، پورا پاکستان سکیورٹی فورسز کی طاقت سے قاتلوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاک فوج کے دو شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہو ئے کہا کہ پاک فوج کے شہید جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ،اللہ کے فضل، قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے ارض پاک کو دہشت گردی سے پاک کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، محمدنوازشریف کی پالیسی پر عمل درآمد نہ روکا جاتا تو دہشت گردی دوبارہ سر نہ اٹھاتی، بس ڈرائیور نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرکے مسافروں کو بچانے کی کوشش کی، ہم اس پر اسے سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے شہدا ء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کیلئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔