’بڑا ہی جان لیوا ہے صاحب، یہ اہم ہونے کا وہم ہونا‘

سابقہ اہلیہ کرن اشفاق کی دوسری شادی کے بعد عمران اشرف کی پوسٹ وائرل

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 دسمبر 2023 14:00

’بڑا ہی جان لیوا ہے صاحب، یہ اہم ہونے کا وہم ہونا‘
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2023ء ) سابقہ اہلیہ کرن اشفاق کی دوسری شادی کے بعد اداکار عمران اشرف کی پوسٹ وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور ٹی وی میزبان عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ اداکارہ کرن اشفاق نے سیاسی رہنماء سے دوسری شادی کرلی ہے، کرن اور ان کے شوہر کی نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، اسی دوران کرن اشفاق کے سابق شوہر اداکار عمران اشرف نے انسٹاگرام سٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے ٹی وی شو کا ایک کلپ پوسٹ کیا جس میں اداکار وہاج علی شعر سنا رہے ہیں، جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’بڑا ہی جان لیوا ہے صاحب، یہ اہم ہونے کا وہم ہونا‘۔

ٹی وی ڈرامہ کے کردار ’بھولا‘ سے شہرت پانے والے عمران اشرف نے سابقہ اہلیہ کی اچانک دوسری شادی پر براہِ راست تو کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا تاہم ان کی اس انسٹا سٹوری کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کرن اشفاق کی دوسری شادی پر ردعمل قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کرن اشفاق کی شادی کی خبر گزشتہ روز سامنے آئی جس کے بعد اداکارہ نے اتوار کی شام خود تصدیق کردی اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے نکاح کی متعدد تصاویر جاری کیں، نکاح کی یہ تقریب لاہور میں حمزہ علی چوہدری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس میں قریبی رشتے داروں سمیت دوست احباب نے شرکت کی، دلہا اور دلہن نے اس تقریب کے لیے سفید رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا، کرن اشفاق نے سفید رنگ کا چوڑی دار پاجامہ اور کرتا پہنا۔

اس کے علاوہ نکاح کی مزید ویڈیوز بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں جس میں اداکارہ قبول ہے کہہ رہی ہیں اور پھولوں کی چادر میں انٹری لے رہی ہیں، کرن اشفاق نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مہندی کی تقریب کی تصویر بھی شئیر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں کے ہاتھوں اور چہرے پر ہلدی لگی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ کرن اشفاق کے دوسرے شوہر حمزہ علی چوہدری پاکستان پیپلز پارٹی کے فوکل پرسن اور سیاسی مشیر ہیں، وہ پیشے کے اعتبار سے ایک کارپوریٹ وکیل ہیں اور ماضی میں پروفیشنل کرکٹ بھی کھیل چکے ہیں لیکن ان دنوں حمزہ سیاسی طور پر کافی متحرک نظر آتے ہیں اور پیپلزپارٹی کی تقریباً ہر سرگرمی کا حصہ ہوتے ہیں، انہوں نے اپنے اکاؤنٹ پر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو سمیت آصف علی زرداری، فریال تالپور، شہلا رضا اور دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کے ساتھ تصاویر شیئر کی ہوئی ہیں۔