4 سال عوام نے بہت مشکل دور دیکھا، لندن میں بیٹھ کر دوا اور دعا دونوں کرتا رہا

اچھے بھلے لوگوں کے ہاتھوں سے اختیار لے کر اناڑی کے ہاتھوں میں دے دیا گیا،شہباز شریف اگر ملک نہ سنبھالتے تو ملک دیوالہ ہو جاتا،ہم نے اپنے معاملات کو تمام ممالک کے ساتھ درست کرنا ہے۔نوازشریف کاپارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 9 دسمبر 2023 12:43

4 سال عوام  نے بہت مشکل دور دیکھا، لندن میں بیٹھ کر دوا اور دعا دونوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کا کہنا ہے کہ آج وقت ثابت کر رہا ہے ہم درست تھے،ہمیں پتہ لگنا چاہئیے ہمیں کیوں نکالا۔ہم نے کہا کارگل میں لڑائی ہونی چاہیئے، کیا اس لئے نکالا؟ گزشتہ 4 سال عوام نے بہت مشکل دور دیکھا، لندن میں بیٹھ کر دوا اور دعا دونوں کرتا رہا۔میرے دور میں ملک میں معاشی و اقتصادی کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں تھا،انہوں نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ایسے کردار آگئے جنہوں نے اچھے بھلے دوڑتے پاکستان کو ٹھپ کر کے رکھ دیا۔

خواب ادھورہ رہ گیا جسے پورا ہونا چاہئیے تھا، قوم کے لیے دعا اور دوا جو بھی کر سکتا تھا کرنے کی کوشش کی۔2017 تک جب تک میں وزیراعظم تھا ترقی عروج پر تھی، قوم نے پچھلے چار سالوں میں بہت مشکل دور دیکھا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کی باگ دوڑ نااہل کو سونپی گئی۔اچھے بھلے لوگوں کے ہاتھوں سے اختیار لے کر اناڑی کے ہاتھوں میں دے دیا گیا،اناڑی کے ہاتھوں میں ملک کی باگ دوڑ کیسے دے دی جاتی ہے، میرے دور میں ملک میں معاشی و اقتصادی کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں تھا،چینی صدر نے مجھے کہا تھا سی پیک آپ کے لیے تحفہ ہے۔

لوگوں نے ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا، میرے دور میں معاشی اشاریے اچھے چل رہے تھے، دنیا اعتراف کر رہی تھی۔ملک کی معیشت نیچے آگئی روپیہ کمزور ہونا شروع ہو گیا۔شہباز شریف اگر ملک نہ سنبھالتے تو ملک دیوالہ ہو جاتا۔ جب کرنسی غیر مستحکم ہوتی ہے تو ہر چیز غیر مستحکم ہو جاتی ہے۔ہم نے اپنے معاملات کو تمام ممالک کے ساتھ درست کرنا ہے۔ ہمارے دور میں بھارتی وزیراعظم پاکستان آئے۔کسی کی جرات نہیں کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ کم سے کم اپنے بچوں کے لیے بہتر ملک تو چھوڑ کر جائیں۔یہ ملک ہمارا ہے، ہمارے بچوں کی نسلوں نے ادھر رہنا ہے۔شرم آتی ہے کہ ارد گرد کے لوگ کہاں جا رہے ہیں اور ہم کہاں جا رہے ہیں۔