وزیراعلیٰ محسن نقوی کی شاہدرہ آمد،امامیہ کالونی برج پراجیکٹ کا جائزہ،پراجیکٹ میں ممکنہ تاخیر ،بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور

ہفتہ 9 دسمبر 2023 22:43

وزیراعلیٰ محسن نقوی کی شاہدرہ آمد،امامیہ کالونی برج پراجیکٹ کا جائزہ،پراجیکٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2023ء) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے شاہدرہ امامیہ کالونی اوورہیڈ برج پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔پراجیکٹ میں ممکنہ تاخیر پروزیر اعلی محسن نقوی نے امامیہ کالونی اوورہیڈ برج کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زوردیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بریفنگ اورپراجیکٹ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم پراجیکٹ کی 15دسمبر کو تکمیل کا اعلان کرچکے تھے،تاخیر قابل تشویش ہے۔

امامیہ کالونی اوور ہیڈ برج پراجیکٹ تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثرہورہی ہے۔امامیہ کالونی اوور ہیڈ برج فیڈرل حکومت کا بہت بڑا پراجیکٹ ہے۔وزیراعظم کو پراجیکٹ میں تاخیر کے امر سے آگاہ کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم خود امامیہ کالونی پر آئے اورمدت تکمیل کا اعلان کیا۔وزیراعظم کو پراجیکٹ کی تکمیل کے بارے میں اپ ڈیٹ کررہا ہوں۔

وفاقی حکومت کا پراجیکٹ ہونے کی وجہ سے زیادہ کچھ نہیںکہہ سکتے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ گھوڑا چوک پراجیکٹ انشاء اللہ بروقت مکمل ہوجائے گا۔ترقیاتی منصوبوں میں کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کریںگے،تکمیل میں دو چار دن تاخیر ہوسکتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سموگ کی وجہ سے فضائی آلودگی تشویشناک ہے۔اگلا ہفتہ مشکل ہوگا،بچوں کے پیپرز کی وجہ سے سکول بھی بند نہیں کرسکتے۔

آئندہ بھی ہفتے کو تعلیمی اداروں کی روٹین برقرار رہے گی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ قطر میں سرمایہ کاروں سے ملاقات سود مند رہی۔آج کا دن خوشی کا دن تھا ،سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی دیکھنے کوآئی۔بہت سی خوشخبریاں آئیں گی، پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان ٹیک آف کرنے کی پوزیشن میں آچکا ہے۔این ایل سی کے پراجیکٹ منیجر ظفر الحسن نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو امامیہ کالونی پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،سیکرٹری ہاؤسنگ،ڈی جی ایل ڈی اے،ڈپٹی کمشنر،این ایل سی حکام،این ایل سی کے پراجیکٹ سمیع اللہ چھٹہ اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔