Live Updates

پیپلزپارٹی عام انتخابات میں سرپرائز دے گی، خورشید شاہ

لاڈلہ بننے کی کوشش نہ کریں یہ ان پر الزام لگ رہا ہے، وہ خود کو لاڈلہ ظاہر کررہے ہیں ہم نہیں کہہ رہے ہیں،میڈیا سے گفتگو

پیر 11 دسمبر 2023 16:31

پیپلزپارٹی عام انتخابات میں سرپرائز دے گی، خورشید شاہ
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماخورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں سرپرائز دینے جارہی ہے۔سکھر میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن آگے نہیں جانا چاہیے بلکہ وقت پر ہونے چاہئیں، ملک میں معیشت کا بیڑا غرق ہے، سیکیورٹی کو جواز بنا کر الیکشن آگے نہیں لے جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لاڈلہ بننے کی کوشش نہ کریں یہ ان پر الزام لگ رہا ہے، وہ خود کو لاڈلہ ظاہر کررہے ہیں ہم نہیں کہہ رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سندھ میں پی پی کے خلاف اتحاد بننے سے ہمیں کوئی ڈر یا خوف نہیں ہے، ایک سیٹ جیتنے والا بھی حکومت بنانے کے دعوے کرتے رہتے ہیں، پیپلز پارٹی اس الیکشن میں سرپرائز دینے جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کو اتنا نیچے نہیں جانا چاہیے کہ ان پر لاڈلہ بننے کے الزامات لگیں، ن لیگ اس پوزیشن پر آنا چاہتی ہے جیسے عمران خان لاڈلے تھے۔

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ہم سب جماعتوں کی عزت کرتے ہیں، ملک میں جمہوری حکومت آئے گی تو ملک بحران سے نکلے گا۔اس سے قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ، اویس شاہ اور فرخ شاہ احتساب عدالت سکھر میں پیش ہوئے اور اپنے بیانات قلمبند کروائے۔خورشید شاہ کے وکیل مکیش کمار کے مطابق چوالیس میں سے چوبیس گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات