Live Updates

دانیال عزیز کی نواز شریف سے ملاقات میں گلے شکوے دور

مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماء کے پارٹی قیادت سے معاملات طے پا گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 دسمبر 2023 17:17

دانیال عزیز کی نواز شریف سے ملاقات میں گلے شکوے دور
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 دسمبر 2023ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماء دانیال عزیز کے پارٹی قیادت سے معاملات طے پاگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے جمعہ کے روز ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جہاں ملاقات کے دوران نواز شریف نے احسن اقبال اور پارٹی کے حوالے سے دانیال عزیز کے رویئے پر ان سے گلہ کیا، جس پر دانیال عزیز نے قائد مسلم لیگ ن معذرت کرلی۔

بتایا گیا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں دانیال عزیز پارٹی ٹکٹ کے لیے انٹرویو دینے پہنچے، تاہم دانیال عزیز کی ٹکٹ کے لیے این اے 75 سے درخواست ہی موجود نہ تھی، جس پر انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ سے درخواست جمع نہیں کروا سکا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ دانیال عزیز میں نے جو میڈیا پر دیکھا اس سے افسوس ہوا، بہتر ہوتا آپ میرے پاس آتے اور اور کوئی شکوہ تھا تو آکر بات کرتے، احسن اقبال اپنی جوانی سے میرے ساتھی ہیں، احسن اقبال کی پارٹی اور پاکستان کے لئے بہت خدمات ہیں، اب میں احسن اقبال کی بھی زیادہ تعریف نہیں کرتا کہ انکا بھی دماغ خراب نہ ہوجائے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قائد ن لیگ نواز شریف کی گفتگو پر اجلاس میں قہقہے لگ گئے جب کہ دانیال عزیز نے نواز شریف سے اس تمام معاملے پر معذرت کرلی، جس کے بعد قائد مسلم لیگ ن نے دانیال عزیز اور احسن اقبال کے درمیان تنازعہ کو پارٹی سطح پر حل کرنے کی ہدایت کردی۔ بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے احسن اقبال کے خلاف بیان دینے پر دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، شوکاز نوٹس ن لیگ پنجاب کے صدر راناثناءاللہ نے جاری کیا جس میں صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناءاللہ نے دانیال عزیز سے 7 یوم کے اندر وضاحت طلب کی، نوٹس میں کہا گیا کہ دانیال عزیز نے بیان بازی کرکے پارٹی قوانین کی خلاف ورزی کی، دانیال عزیز نے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، دانیال عزیز 7 دن کے اندر اپنا جواب جمع کروائیں۔

خیال رہے کہ دانیال عزیز نے اپنی ہی پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے دیا تھا، ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خودکو عقل کُل سمجھتے ہیں، احسن اقبال کو مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے کہ وہ جب (گزشتہ دور حکومت میں) پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے تو ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پاسکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات