پیپلز پارٹی نے ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کو منا لیا

ارباب خاندان کو منانے میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، ذرائع

اتوار 24 دسمبر 2023 21:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختون خوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کو منا لیا۔ذرائع کے مطابق ارباب خاندان کو منانے میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ارباب عالمگیر قومی اور ان کے بیٹے خیبر پختون خوا اسمبلی کی نشست سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی طرف سے خواتین کی مخصوص نشست عاصمہ عالمگیر کو ملے گی۔

(جاری ہے)

ارباب عالمگیر نے این اے 31 اور زرک خان نے پی کے 80 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں جبکہ عاصمہ عالمگیر نے قومی اسمبلی کے لیے خواتین کی مخصوص نشست پر کاغذات جمع کرا دیے۔میڈیا سے گفتگو میں ارباب عالمگیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے گلے شکوے تھے جو دور ہو گئے، پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ارباب عالمگیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ طویل وابستگی ہے، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور یوسف رضا گیلانی سے بہت پیار اور اپنائیت ملی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔