کوئی ضیا تو کوئی فیض کی وجہ سے مسلط ہوا‘ مجھے پٹوایوں یا کسی اور کی ضرورت نہیں، بلاول

لاہور کسی کھلاڑی اور بزنس مین کا شہر نہیں بلکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شہر ہے اور میں اپنے شہر سے الیکشن لڑرہا ہوں۔ این اے 127 لاہور میں کارنر میٹنگ سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 جنوری 2024 16:25

کوئی ضیا تو کوئی فیض کی وجہ سے مسلط ہوا‘ مجھے  پٹوایوں یا کسی اور کی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جنوری 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی ضیا تو کوئی فیض کی وجہ سے مسلط ہوا لیکن مجھے پٹوایوں یا کسی اور کی ضرورت نہیں، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم کیوں آئے ہیں، ہم پوچھتے ہیں وہ کیوں آئے تھے، لاہور کسی کھلاڑی اور بزنس مین کا شہر نہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شہر ہے اور میں اپنے شہر سے الیکشن لڑرہا ہوں، آپ نے گھر گھرپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ضیاء الحق اور حمید گل کی وجہ سے یہاں پر مسلط ہوئے تو کبھی فیض کی وجہ سے اس شہر پرمسلط ہوئے لیکن ہم کہیں اور نہیں دیکھ رہے، ہمیں نہ پٹواریوں کی اور نہ کسی اور کی ضرورت ہے، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارےعوامی منشور میں 10 نکات ہیں اور میرا وعدہ ہے 10 نکات پورا کرکے غربت، بیروزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کریں گے، ہم عوام کی تنخواہیں اور آمدنی کو ڈبل کریں گے، 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے اور مفت تعلیم دیں گے، سندھ کے شہروں کی طرح ملک بھرمیں مفت صحت کا علاج دیں گے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا ہے کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی الیکشن لڑ رہی ہے کہ ان کے قائد جیل سے بچ جائیں، ان دونوں جماعتوں کا ایجنڈا ذاتی ہے میرا عوامی ایجنڈا ہے، ہمارا فوکس لیول پلیئنگ فیلڈ کی بجائے منشور پر ہے،غیرسیاسی لوگوں نے ہم پرسیاسی جماعتیں مسلط کیں، لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں تاکہ بتاسکیں لاہور ہمارا ہے، ہم کافی دنوں سے لاہور میں گھوم رہے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں لاہور سے متعلق تاثر دیا جارہا ہے کہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہیں، 30 سال سے زیادہ جو حکومت میں رہے ہیں وہ سونے کی سڑکیں بناتے ہیں، اب میں انہی سڑکوں پر گھوما ہوں، مجھے مقامی لوگوں کے مسائل کے بارے بتایا گیا ہے، جتنا کام لاہور میں کرنے کی ضرورت ہے باقی پاکستان میں ضرورت نہیں ہے، یہاں سارے طبقات کی نمائندگی ہے لیکن حکومت میں جب آتے ہیں تو اشرافیہ کی نمائندگی کرتے ہیں، عوامی مسائل پر توجہ نہیں دیتے، پیپلزپارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔