شاہ محمود قریشی اور صنم جاوید کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 11 جنوری 2024 13:39

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2024 ء) لاہور ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رہنماوں کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 3 حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت پر الیکشن کمیشن سے کل جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی کے حلقہ این اے 150، این اے 151 اور پی پی 218 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ ٹربیونل اور ریٹرننگ افسر نے قانون کے منافی کاغذات مسترد کئے جبکہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی صنم جاوید کی درخواست پر بھی عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

صنم جاوید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ایک قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔ عدالت ٹربیونل اور ریٹرننگ افسران کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر کے بعد ایپلٹ ٹریبونل نے بھی پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے جس کے بعد وہ الیکشن لڑنے کیلئے نااہل ہو گئے تھے۔ ملتان کے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے اپیلوں پر فیصلہ سنایاتھا جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی آر او کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی تھی، شاہ محمود قریشی کی جانب سے این اے 150 ، 151 اور پی پی 218 ، پی پی 219 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی اپیلیں دائرکی گئی تھیں جنہیں ٹریبونل نے مسترد کردیا تھا۔