تحریک انصاف کے امیدواروں کو آزاد حیثیت میں انتخابی نشانات الاٹ

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان کو ’چینک‘ کا انتخابی نشان دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 جنوری 2024 10:37

تحریک انصاف کے امیدواروں کو آزاد حیثیت میں انتخابی نشانات الاٹ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 جنوری 2024ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے امیدواروں کو آزاد حیثیت میں انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان کو ’چینک‘ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے، این اے 128 سے پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجہ کو ’ریکٹ’ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے، این اے 129 سے پی ٹی آئی امیدوار میاں اظہر ’کرکٹ سٹمپ‘ کے نشان پر الیکشن لڑیں گے، پارٹی رہنما شہریارآفریدی کو ’بوتل‘ کے نشان پر الیکشن لڑنا ہوگا، شاندانہ گلزار کو ’پیالہ‘ اور مہر بانو قریشی کو ’چمٹا‘ کا انتخابی نشان دے دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ شوکت یوسفزئی کو ’ریکٹ‘ کا نشان ملا ہے، ملتان سے زین قریشی کو ’جوتے‘، ڈاکٹر ریاض لانگ کو ’راکٹ‘، لاہور سے عالیہ حمزہ ملک کو ’ڈائس‘، بھکر سے ثناء اللہ خان مستی خیل کو ’لیٹربکس‘ کا نشان ملا ہے، پرویزالہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہٰی ’فریج‘ کے نشان پر الیکشن لڑیں گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ملتان سے ہی عامر ڈوگر کو ’کلاک‘ کا انتخابی نشان مل گیا، عرفان اللہ خان نیازی کو ’گھڑیال‘ کا نشان ملا ہے۔

تحریک انصاف کے امیدوار این اے 107 سے مہر ریاض فتیانہ کو کرسی، پی پی 123 آشفہ ریاض فتیانہ اور پی پی 124سے سیدہ سونیا علی رضا شاہ کو پیالہ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ این اے 122 سے تحریک انصاف کے اظہر صدیق کو ’میڈل‘ جبکہ لطیف کھوسہ کو الفابیٹ ’(K)‘ کا انتخابی نشان الاٹ مل گیا جبکہ این اے 123 سے پی ٹی آئی امیدوار افضال عظیم پاہٹ کو ’ریڈیو‘ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے این اے 124 سےپی ٹی آئی امیدوار سردار عظیم اللہ کو ’گھڑی‘ اور ضمیر احمد کو ’ڈولفن‘ کا نشان الاٹ کیا گیا، این اے 125 سے پی ٹی آئی امیدوار جمیل اصغر بھٹی کو ’ڈھول‘ کا نشان مل گیا۔