الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کو نوٹسز اور جرمانوں کا سلسلہ جاری

ہفتہ 20 جنوری 2024 21:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2024ء) الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کو نوٹسز اور جرمانوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں الیکشن کمیشن کی متحرک مانیٹرنگ ٹیموں نے امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کی ہے۔

چئیرمین تحصیل کونسل پورن عبدالمولی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 30 ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔جرمانہ 23 جنوری تک جمع کراکے چالان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عبدالمولی کو18 جنوری کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر شانگلہ نے طلب کیا تھا لیکن وہ خود پیش ہوئے نہ ان کا نمائندہ پیش ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح چئیرمین تحصیل کونسل بشام سعید الرحمان کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے 23 جنوری تک جرمانہ جمع کرکے چالان پیش کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔

وہ 18جنوری کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر شانگلہ کے دفتر میں پیش ہوئے۔اسی طرح صوبہ پنجاب میں انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں فعال ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کے مطابق ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ صوبہ پنجاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے سخت کارروائیاں کی ہیں۔

این اے 153ملتان میں امیدوار حامد علی بھٹی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کی گیا ہے۔این اے 66 وزیرآباد میں امیدوارار احمد چٹھہ کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔ پی پی 133ننکانہ صاحب میں امیدوار نوشیر مان کو وال چاکنگ کرنے پر نوٹس جاری ہوا۔ این اے 75 نارووال سے امیدوار دانیال عزیز کو بھی دیواروں پر پوسٹر آویزاں کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔

ننکانہ صاحب میں انتخابی امیدواران کو پینا فلیکس اور بل بورڈز آویزاں کرنے پر وارننگ جاری ہوئی۔ جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد،سرگودھا اور بھکر سے پینا فلیکس اور دیگر تشہیری مواد ہٹا دیا گیا ہے۔ چینوٹ، فیصل آباد، ننکانہ، قصور، لاہور اور ملتان سے بھی پینا فلیکس ہورڈنگز اتروادیئے گئے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔