شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ادھورے مشن کوپورا کروں گا،بلاول بھٹوزرداری

اتوار 21 جنوری 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2024ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں اس شہر، صوبے اور ملک میں رہنے والے ہر فرد کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ مایوس نہ ہوں،عوام ایک طرف معاشی اور دوسری طرف سماجی، سیاسی اور جمہوری بحرانوں کا شکار ہیں، پیپلز پارٹی عوام کی حمایت سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں وہ خود لاہور سے الیکشن لڑ رہے ہیں، کہا جاتا ہے کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، مخالفین پیپلزپارٹی کا مذاق اڑاتے ہیں، انہیں بتانے کی ضرورت ہے کہ لاہور ان کا نہیں پیپلز پارٹی کا ہے، لاہور کے شہریوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قتل پر احتجاج کے طور پر خود کو آگ لگا ئی، یہ وہی شہر ہے جس نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا تاریخی استقبال کیا اور انہیں امت مسلمہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنایا، لاہور غیرت مند اور وفادار لوگوں کا شہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو لاہور اور صوبہ پنجاب سے ایک سازش کے تحت دور کیا گیا جس سے یہاں کے مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور اقلیتوں کو نقصان پہنچا۔ بلاول بھٹونے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 10 نکاتی ایجنڈا انہوں نے خود تیار کیا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے عام لوگ مشکلات کا شکار ہیں، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اشرافیہ سے لے کر کسانوں اور مزدوروں کو روٹی، کپڑا اور مکان دے کر وعدہ پورا کیا،پیپلز پارٹی ایک بار پھر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بیانیے کو اپنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

لاہور کی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ شہید ہوگئیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ ایک بیٹے کی طرح ملک کی خواتین کی خدمت کروں،ہمارامقصد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسعت دینا اور خواتین کو بلاسود قرضے فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مالی آزادی حاصل کر سکیں اور معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں،پی پی نوجوانوں کے درد کو محسوس کرتی ہے، جو تعلیمی قابلیت کے باوجود روزگار کی تلاش میں ہیں، پی پی پی کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو مالی مدد فراہم کرنا ہے، ساتھ ہی ساتھ انہیں پیشہ وارانہ طور پر ترقی کے لیے درکار مہارتوں سے بھی آراستہ کرنا ہے،میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ادھورے مشن کو مکمل کرنے کا عزم رکھتا ہوں، انتخابات میں دو ہفتے باقی ہیں، پارٹی کے کارکنان اپنی انتھک کوششیں جاری رکھیں، میدان میں صرف پیپلز پارٹی کے جیالے نظر آتے ہیں۔

بلاول بھٹونے کہا کہ اعتزاز احسن سٹیج پر ہیں جنہوں نے پچھلی تین نسلوں سے پارٹی کا ساتھ دیا ،اختلاف رائے ہو سکتا ہےلیکن پیپلز پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلنے اور تنوع کا احترام کرنے کا عزم رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی پاکستان کو جدید ریاست میں تبدیل کرنا چاہتی ہے جہاں ملک کے کسان، مزدور، نوجوان، خواتین اور اقلیتیں باوقار زندگی گزار سکیں۔