فواد چوہدری کا الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

ایسے انتخابات سے بننے والی حکومت نہ صرف اخلاقی بلکہ قانونی مینڈیٹ سے بھی محروم ہوگی،الیکشن کمیشن کے نام لکھے گئے خط میں اظہار خیال

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 جنوری 2024 10:46

فواد چوہدری کا الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری الیکشن کمیشن سے دلبرداشتہ ،عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ان حالات میں سمجھتا ہوںکہ الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے۔ایسے انتخابات سے بننے والی حکومت نہ صرف اخلاقی بلکہ قانونی مینڈیٹ سے بھی محروم ہوگی۔

اور وہ ملکی مسائل سے نبردآزما ہونے کیلئے قطعی صلاحیت نہیں رکھتی ہوگی۔ ایسے حالات میں اور میرا پورا گروپ انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

میں خود تمام سختیاں برداشت کرنے کیلئے تیار ہوں ۔اپنے ووٹرز ،دوستوں اور خاندان کو مزید مصیبت میں مبتلا کرنا مناسب نہیں ۔

الیکشن کمیشن کے نام لکھے گئے خط میںفواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے استعفے کا مطالبہ کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ کوئی بھی ذی شعور شخص یہ سوچ سکتا ہے کہ ان حالات میں انتخابات کیسے ہونگے۔ واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کو خارج کردیا تھا۔ فیصلہ الیکشن ٹربیونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سنایاتھا، سابق وزیر فواد چوہدری کو سخت سیکیورٹی حصار میں ٹربیونل میں پیش کیا گیا تھا، عدالت میں طلبی کے بعد فواد چوہدری کی الیکشن ٹربیونل میں حاضری لگوائی گئی تھی ۔

الیکشن ٹریبونل نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سابق وزیر فواد چوہدری نے جہلم کے حلقہ این اے 60 اور این اے 61 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، آر او آفس کے اعتراضات کے خلاف فواد چوہدری نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ قبل ازیںپاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کو اسلام آباد سے گرفتارکیا گیا تھا۔ سابق وفاقی وزیر پرپنڈدادخان تا جہلم ترقیاتی منصوبے میں مالی فراڈ کا کیس درج کیا گیا تھا ۔

گزشتہ سماعت کے موقع پر فواد چودھری کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ فواد چوہدری کے خلاف پنڈ دادن خان تا جہلم ترقیاتی منصوبے میں مالی فراڈ کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔فواد چودھری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت پیش کیا گیا۔ فواد چودھری کے وکیل راجا عامر عباس نے جیل میں بی کلاس سہولیات کی استدعا کردی۔ فواد چودھری روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ ضمانت کی درخواست پر بھی یکم فروری کیلئے نوٹس کردیں۔ فواد چودھری کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی گئی تھی۔ عدالت نے فواد چوہدری کی بی کلاس کی سہولیات کے حوالے سے درخواست منظور کرلی تھی۔ بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔