Live Updates

عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو جیل سے نکلوانا ہے تو چمٹے اور حقے پر مہر لگانا ہو گی،مہر بانو قریشی

لیو ل پلیئنگ فیلڈ ہمارا حق ہے اور ہم یہ حق مانگتے رہیں گے۔شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی کاملتان میں انتخابی جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 26 جنوری 2024 11:45

ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26جنوری2024 ء) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو جیل سے نکلوانا ہے تو چمٹے اور حقے پر مہر لگانا ہو گی۔ لیو ل پلیئنگ فیلڈ ہمارا حق ہے اور ہم یہ حق مانگتے رہیں گے۔ ملتان میں انتخابی جلسے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان میں تمام عورتیں پردہ کرتی ہیں کبھی اس قسم کے حالات الیکشن میں دیکھنے کو نہیں ملے کہ عورتوں کو باہر نکل کر الیکشن لڑنا پڑے۔

تحریک انصاف کے امیدواروں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔حکومت سے کسی قسم کا ناجائز مطالبہ نہیں کر رہے صرف ان سے اپنا حق مانگ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہر امید وار اور پارٹی کا حق ہے۔ کہ عوام اچھے لیڈر اور لیڈر عوام کے بغیر کسی کام کا نہیں ہو تا۔

(جاری ہے)

عوام ہم سے اور ہم عوام سے ہیں۔مہر بانو قریشی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز پولیس نے جس طرح جاوید ہاشمی کے گھر چھاپہ مارا یہ چادر اور چار دیواری کو پامال کیا گیا ہے ۔

بغیر وارنٹ پولیس نے تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن پر چھاپہ مارا اور جاوید ہاشمی کے داماد اور نواسے کو ملازمین سمیت گرفتار کر کے لے گئی ۔اس صورت حال پر الیکشن کمیشن ایکشن لے۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرے والدشاہ محمود قریشی کو غیر قانونی طور پر پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ مہر بانو قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آج ملک جو کچھ ہو رہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔

صرف ایک جماعت کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں ہمارے لیڈروں اور ورکروں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔ آئے روز کسی نہ کسی لیڈر اور ورکرز کو گرفتار کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی عام انتخابات میں ملتان سے الیکشن لڑ رہی ہیں اور انہیں چمٹا کا انتخابی نشان دیا گیا ہے جبکہ ملتان سے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین حسین قریشی کو این اے 150 سے انتخابی نشان ’جوتا‘ الاٹ کیا گیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات