سینیٹر تاج حیدرکااین اے 39 میں بینظیر بھٹو کی تصویروں کے پینا فلیکسز پھاڑنے کے معاملے پر اظہار تشویش ،چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا

اتوار 28 جنوری 2024 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2024ء) سینیٹر تاج حیدرانچارج سنٹرل الیکشن سیل پاکستان پیپلز پارٹی نے این اے 39 میں محترمہ شہید بینظیر بھٹو صاحبہ کی تصویروں کے پینا فلیکسز پھاڑنے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ این اے 39 میں محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی تصویروں کے پینا فلیکسز پھاڑ دئیے گئے۔

(جاری ہے)

خط میں کہاگیاکہ انتہائی تشویش کے ساتھ ہم آپ کے نوٹس میں لانا چاہتے ہیں کہ این اے 39 بنوں جہاں سے ہماری خاتون امیدوار محترمہ فرزانہ شیریں الیکشن لڑ رہی ہیں،رات کوشہید بینظیر بھٹو صاحبہ کی تصاویر والے پانا فلیکس کو مبینہ طور پر جے یو آئی کے کارکنوں نے پھاڑ دیا۔انہوں نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن انتظامیہ کو چوکس رہنے اور مجرموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کرے۔