مفاد پرست ٹولہ اقتدار کا بھوکا ، عوام انتخابات میں لوٹوں کا صفایا کر دیں ‘ چوہدری برجیس طاہر

انتخابات میں (ن) لیگ کی کامیابی یقینی ہوگی ،نواز شریف چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے‘ خطاب

اتوار 4 فروری 2024 14:35

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما ،حلقہ این اے 111 سے امیدوار چوہدری برجیس طاہر نے کہاہے کہ قائدمسلم لیگ (ن) نواز شریف پاکستان کے 3بار وزیراعظم رہے وہ 8سال جیل یا پھر جلا وطن میں گزارے ، انہیں نہ نکالا جاتا تو یہ ملک آج ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہوتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 132میں مختلف گائوں میں کارنر میٹنگز اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر (ن) لیگ کے پی پی 132میں نامزد امیدوار میاں اوجاز حسین بھٹی نے بھی خطاب کیا ۔چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ 08فروری کو ہونے والے الیکشن میں ملک بھر میں شیر کی کامیابی یقینی ہوگی اور نواز شریف چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہوں نے پارٹیاں تبدیل کی ہیں،بار بار جماعتیں تبدیل کرنے والے نہ جماعت کے ساتھ اور نہ ہی حلقہ کے ساتھ مخلص ہوتے ہیں یہ مفاد پرست ٹولہ ہوتا ہے جو اقتدار کا بھوکا رہتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ میں موجود ووٹرز کو چاہیے کہ وہ جب بھی ووٹ مانگنے کے لیے آئیں اپ ان کا محاسبہ کریں اور 08فروری کو ہونے والے انتخابات میں لوٹوں کا صفایا کر دیں ۔ برجیس طاہر نے کہا کہ 08فروری کامیابی کے بعد حلقہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا کیونکہ حلقہ کے عوام میرے ہیں اور میں ان کا ہوں اور اخری سانس تک رہوں گا۔