دبئی میں 20 منٹ میں 50 ٹریفک حادثات کا غیر معمولی واقعہ

پولیس ایپ کے 'ایکسیڈنٹ انڈیکیٹر' نے شہر میں ٹریفک کے متعدد واقعات رپورٹ کیے

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 فروری 2024 16:37

دبئی میں 20 منٹ میں 50 ٹریفک حادثات کا غیر معمولی واقعہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 فروری 2024ء ) دبئی کی ٹریفک میں رش کے اوقات میں 20 منٹ میں 50 حادثات بڑی تاخیر کا باعث بن گئے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی پولیس کی آفیشل ایپ کے ذریعے پیر کی صبح 9 بجے کے آس پاس شہر میں 20 منٹ کے دوران تقریباً 50 ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے، جن کے باعث دبئی کی اہم شاہراہوں پر شدید ہجوم کی اطلاع ملی، اس دوران بہت زیادہ فینڈر بینڈرز کو شمار کیا گیا جو کہ رش کے زیادہ اوقات کے دوران پیش آئے، درج ذیل نقشے میں جامنی رنگ کے نشانات پورے شہر میں ٹریفک حادثات کی نشاندہی کررہے ہیں؛
Dubai Traffic Accidents Indicator
بتایا گیا ہے سب سے پہلے دبئی پولیس نے دو بڑے حادثات سے آگاہ کیا جو ٹیل بیکس کا سبب بن رہے تھے، پہلا حادثہ شارع حصۃ پر پیش آیا، جہاں سعودی جرمن ہسپتال کے سامنے، شیخ زید روڈ کی طرف اہم راستے پر تصادم کے باعث ٹریفک جام ہو گیا تھا، اس لیے شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی جب کہ دوسرا حادثہ شیخ محمد بن زاید روڈ پر انٹرنیشنل سٹی کے بالمقابل شارجہ کی طرف جانے والے ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بنا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پولیس نے ایک جنکشن پر ہونے والے تصادم میں سے ایک کی ویڈیو شیئر کی، جس میں ایک 4WD یو ٹرن لیتے ہوئے سیڈان سے ٹکرا گئی اور اسے گھسیٹتے ہوئے آگے کی جانب لے گئی، ویڈیو میں پولیس کو جائے وقوعہ پر دکھایا گیا، جو چوراہے پر ایک لین کو بلاک کر رہی تھی تاکہ گاڑیوں کو جائے حادثہ سے دوسری جانب موڑا جا سکے۔