8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کا ضلع بھر میں فلیگ مارچ

پیر 5 فروری 2024 17:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں فلیگ مارچ کیا ۔ راولپنڈی پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔ فلیگ مارچ کی سپر ویژن سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر، ڈویژنل ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے کی۔

سینئر افسران کی قیادت میں حلقہ این اے 51 ، این اے 52 ، این اے 53 ، این اے 54 ، این اے 55 ، این اے 56 اور این اے 57 میں الگ ، الگ فلیگ مارچ کیے گئے ۔ فلیگ مارچ کا مقصد الیکشنز 2024 کے پر امن انعقاد کے عزم کا اظہار ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس موقع پر کہا کہ عام انتخابات کے لئے راولپنڈی پولیس کے ساڑھے نو ہزار سے زائد افسران سکیورٹی پر مامور ہوں گے ، 580 اے، 980 بی اور 1221 سی کیٹیگری کے پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی تعینات ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا شہر بھر کو سکیورٹی گشت کے حوالے سے 280 کلسٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، مری روڈ، مال روڈ، اہم مقامات اور تنصیبات کے قریب ایلیٹ کمانڈوز گشت کریں گے، پاک فوج اور رینجرز کوئیک رسپانس فورس بھی اہم مقامات پر پٹرولنگ کے فرائض انجام دیں گے، پولیس کوئیک رسپانس کے دستے شہر بھر میں گشت کریں گے اور ضرورت پڑنے پر فوری رسپانس کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ میٹریل کی بحفاظت ترسیل کے لئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، پولنگ سٹیشنز پر کیمرے لگائے جا رہے ہیں، تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر مسلسل سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔