این اے 59 تلہ گنگ، دو گروپوں میں فائرنگ

فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے،اسپتال منتقل کر دیا گیا ،پولنگ کا عمل رُک گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 فروری 2024 14:42

این اے 59 تلہ گنگ، دو گروپوں میں فائرنگ
تلہ کنگ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 فروری 2024ء ) ملک بھر میں جنرل الیکشن 2024 کے سلسلہ میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ووٹرز کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے نکلے ہیں۔ ووٹرز میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔پولنگ اسٹیشنز پر خواتین اور مردوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔اسی طرح بزرگ اور معذور لوگ بھی حق رائے دہی کے استعمال کے لیے پولنگ اسٹیشنز پہنچے۔

ملک بھر میں پرامن طریقے سے پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم بعض حلقوں میں معمولی لڑائی جھگڑوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پولنگ اسٹیشن اکوال کے باہر سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروپوں میں فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ حلقہ این اے 59 تلہ کنگ میں پیش آیا۔بتایا گیا ہے کہ چکوال میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال تلہ کنگ منتقل کیا گیا۔افسوسناک صورتحال کے باعث پولنگ کا عمل بھی تاخیر کا شکار ہو گیا۔ خیال رہے کہ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی تاہم پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں ووٹرز کو ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔پولنگ سٹیشنوں کے باہر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیاہے پولنگ سٹیشنوں کے اندر الیکٹرانک آلات کے علاوہ اسلحہ اور گولہ بارود لانے کی اجازت نہیں ہے ووٹ ڈالنے کے لیے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 کے پولنگ سٹیشنز پر لوگوں کا رش دیکھا گیا، خواتین ووٹرز کی لمبی قطاریں لگی گئی ہیں۔ جمعرات کو پولنگ سٹیشن کے دورہ کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے خواتین ووٹرز نے عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے اور سکیورٹی حکام پوری طرح چوکس ہیں، ابھی تک کوئی بھی بد انتظامی کاواقعہ سامنے نہیں آیا۔