Live Updates

این اے 121 سے منتخب آزاد امیدوار وسیم قادر مسلم لیگ ن میں شامل

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار نے الیکشن میں ن لیگی رہنماء شیخ روحیل اصغر کو ہرایا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 11 فروری 2024 19:19

این اے 121 سے منتخب آزاد امیدوار وسیم قادر مسلم لیگ ن میں شامل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری 2024ء ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 لاہور سے منتخب آزاد امیدوار وسیم قادر مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وسیم قادر کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد لاہور سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری وسیم قادر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر بھی اس موقع پر موجود تھے، اس دوران وسیم قادر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ حلقہ کے عوام اور دوستوں کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہا ہوں۔

دوسری طرف آزاد حیثیت میں صوبائی حلقہ پی پی 280 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے سردار شہبا ب الدین سہڑ نے چھینہ گروپ سے تعلق کی تردید کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کی خبر جھوٹ قرار دے دی، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت سے آزاد منتخب ہوا ہوں، میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑا تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہوں گا، میرے چھینہ گروپ سے تعلق اور (ن) لیگ میں شمولیت کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں جھوٹی ہیں۔

(جاری ہے)



 بتایا جارہا ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی نے صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیتنے والے 8 آزاد ارکان سے رابطہ کیا ہے، ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے آزاد ارکان سے رابطہ کیا جب کہ استحکام پاکستان پارٹی کے جہانگیر ترین نے بھی آزاد ارکان سے رابطہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد ارکان میں غضنفر چھینہ، شہاب الدین سیہڑ، تیمور امجد، غضنفر قریشی، علی رضا خاکوانی، امیر محمد حسن خیلی، جہانزیب خان کھچی اور صاحبزادہ غزین عباسی شامل ہیں، آزاد ارکان سے ن لیگ اور آئی پی پی قائدین کی آج ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے رابطے کے بعد پنجاب کے 8 آزاد ارکان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں دونوں جماعتوں کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں آزاد ارکان نے حکومت سازی میں مل کر کردار کرنے پر اتفاق کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات