نئی منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہونے کا امکان

آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت انتخابات کے بعد 21 روز کے اندر نئی قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا

اتوار 11 فروری 2024 20:55

نئی منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری 2024ء ) نئی منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ قانون کے تحت الیکشن کے بعد 14 روز کے اندر نئے منتخب ارکان کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا، جس کے بعد نئی قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت اسپیکر راجہ پرویز اشرف کریں گے، افتتاحی اجلاس میں نئے منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے، راجہ پرویز اشرف نئے منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ کامیابی کے نوٹی فکیشن کے بعد خواتین کی 60 اور غیر مسلم 10 نشستوں کی سیاسی جماعتوں کو ایلو کیشن ہوگی، آزاد امید واروں کو 3 دن کے اندر کسی پارٹی کو جوائن کرنے کی مہلت دی جائے گی، آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت انتخابات کے بعد 21 روز کے اندر نئی قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے 852 قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے، الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں تین حلقوں پر انتخابات ملتوی کیے، تین حلقوں کے نتائج روکے، الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 264 جنرل نشستوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کیا، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 ملتوی، این اے 88 کے نتائج کو روک دیا۔

معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی 296 جنرل نشستوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کر دیا، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی کے 266 پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کئے گئے، الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی 129 جنرل نشستوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کیا، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 18 کے نتائج روک دیئے گئے، اسی طرح خیبر پختون خواہ اسمبلی کی 112 جنرل نشستوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 22 اور پی کے 91 میں امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی ہوئے، پی کے 90 کے الیکشن کمیشن نے نتائج روک دیئے، الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کی تمام 52 جنرل نشستوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کر دیا۔