ریاست کو معاشی خطرات سے بچانے کیلئے سب کا اتحاد ہی تمام مسائل کا حل ہے، شہباز شریف

لڑائی، نفرت اور انتقام کا نقصان پاکستان اور عوام کو ہوگا‘ نامزد وزیر اعظم /بلوچستان سے آزاد رکن میر عاصم کرد کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

اتوار 18 فروری 2024 21:15

ریاست کو معاشی خطرات سے بچانے کیلئے سب کا اتحاد ہی تمام مسائل کا حل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2024ء) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 12 کچھی بولان سے آزاد منتخب ہونے والے رکن میر عاصم کرد گیلو نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔(میر عاصم کرد گیلو نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کر کے نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

شہباز شریف نے میر عاصم کرد گیلو اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی میں شمولیت پر مبارک دی۔میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے پاکستان بالخصوص بلوچستان کو ہمیشہ ترقی دی، بلوچستان کے عوام کو تعلیم صحت اور ترقی میں آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان نواز شریف کے دل کے بہت قریب ہے، گوادر سمیت پورے بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے،بلوچستان میں دانش سکول بنائیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ،آئی ٹی اور ہنر سکھا کر زندگی میں کامیاب بنائیں گے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے نواز شریف پاکستان خاص طور پر بلوچستان کو ترقی کا مرکز بنانا چاہتے ہیں، آپ کی حمایت سے پاکستان اور بلوچستان بھر کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، میر عاصم کرد کی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور سیلاب متاثرین کی مدد پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پارٹی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے ملاقات کی ،سردار یوسف نے وزیراعظم نامزد ہونے پر پارٹی صدر شہباز شریف کو مبارک دی ۔

شہباز شریف نے 8 فروری کے انتخابات کے دوران پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی کارکردگی اور محنت کو سراہا۔ملاقات میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی استحکام کسی جماعت کی نہیں، اس وقت ملک کی ضرورت ہے، ریاست کو معاشی خطرات سے بچانے کیلئے سب کا اتحاد ہی تمام مسائل کا حل ہے، لڑائی، نفرت اور انتقام کا نقصان پاکستان اور عوام کو ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور عوام کو منڈلاتے ہوئے سنگین خطرات سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی خاطر پہلے کی طرح اب بھی قومی سوچ پر چلیں گے۔