پی ایس ایل میں رنز بنانے کی دوڑ جاری، بابراعظم سرفہرست

بدھ 21 فروری 2024 20:31

پی ایس ایل میں رنز بنانے کی دوڑ جاری، بابراعظم سرفہرست
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2024ء) دنیائے کرکٹ کے مقبول ترین برانڈ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن میں سب سے زیادہ رنز کی دوڑ میں اہم ترین بیٹسمین شامل ہیں۔ پی ایس ایل میں تادم تحریر بدھ تک کھیلے گئے چھ میچوں کی اسکور شیٹ کے مطابق دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم سرفہرست ہیں، بابر اعظم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) میں 3 ہزار سے زائد رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

بابراعظم نے یہ ریکارڈ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلتے ہوئے بنایا، انہوں 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

لاہور میں لاہورقلندرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انہوں 72 رنز بنائے۔ اس سے قبل وہ 2016 سے 2023 تک کھیلے گئے 8 سیزنز میں 2935بناچکے تھے،انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاورزلمی کی جانب سے مختلف سیزنز میں 79 میچوں کی 77 اننگز میں اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھائے ہیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 115 رنز رہا۔

سیزن 9 میں بھی بابراعظم رنز کے اعتبار سے ابتک سب سے آگے ہیں، انہوںنے دو میچوں میں انفرادی طورپر 140 رنز اسکور کئے ہیں،لاہور میں 18 فروری کو کھیلے جانے والے اپنے پہلے میچ میں انہوں نے 68 رنز بنائے جبکہ21 فروری کو لاہور میں ہی کھیلے گئے دوسرے میچ میں 72 رنز اسکور کئے جو کہ اس سیزن میں ان کا ابتک سب سے زیادہ اسکور ہے۔ فہرست میں دوسرا نمبر ملتان سلطانز کے سائوتھ افریقہ سے تعلق رکھنے والے رضا رافیل ہینڈرکس کا ہے جنہوں نے دو میچ کھیل کر 137 رنز بنائے ہیں اور ان کا انفرادی طور پر 79 رنز ناٹ آئوٹ سب سے زیادہ اسکور ہے۔

تیسرے نمبر پر لاہورقلندرز کے صاحبزادہ فرحان نے 119، چوتھے نمبر پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے آغا سلمان 116 اور پانچویں نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سعود شکیل نے 114 رنز اسکور کئے ہوئے ہیں۔تاہم باقی تمام بیٹسمین 100کے ہندسے کو عبور نہیں کرسکے۔پی ایس ایل میں 2016 سے 2023 تک 8 سیزن میں بھی انفرادی طورپر سب سے زیادہ رنز والے بیٹسمینوں میں بھی بابراعظم کا نام سرفہرست ہے۔

انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاورزلمی کی جانب سے مختلف سیزنز میں کھیلتے ہوئے79 میچوں میں 77 اننگز میں بیٹنگ کی اور مجموعی طور پر 2935 رنز بنائے جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 115 رنز رہا۔اسی طرح لاہورقلندرز کی جانب سے فخرزمان نے 76 میچوں میں اتنی ہی اننگز کھیلیں اور مجموعی طور پر 2368بنائے اور ان کا بھی سب سے زیادہ اسکور 115 رنز رہا۔