نریندر مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ کر رکھا ہے، حریت کانفرنس

جمعرات 22 فروری 2024 22:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں ، گھرو ں پر چھاپوں، املاک کی ضبطی اور ملازمین کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے علاقے میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز ہندوتوا سے منسلک بیورو کریٹس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر مقبوضہ علاقے پر غیر جمہوری طریقے سے حکمرانی کر رہی ہیں اور اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوں کو دبا رہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے سروں پر 10لاکھ سے زائد فوجی اور پولیس اہلکار مسلط کر رکھے ہیں جو علاقے میں انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔