نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ، تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، شہبازشریف

جمعہ 23 فروری 2024 23:05

نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ، تمام جماعتوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں ۔ جمعہ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیوایم وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ملاقات کے لئے آنے والا ایم کیوایم کا وفد گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سےملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ خاں، سردار ایاز صادق ،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود، عطاءاللہ تارڑ اور دیگر راہنما بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے تعمیری اور مثبت جذبے کو سراہا اور کہا کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، اس لئےہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں، سابق حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں۔

تمام قائدین نے اتفاق کیا کہ عوام کی خدمت کے لئے ہم سب متحد ہو کر آگے بڑھیں گے اور سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔ایم کیو ایم وفد نے شہباز شریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ شہباز شریف 16 ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے، امید ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔