حکومت میں آکرسیاسی مفادات کو نہیں، پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھنا ہے

پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کیلئے سب مل کر خلوص دل سے کام کریں گے، پاکستان میں اب سیاسی استحکام کی صورت پیدا ہورہی ہے، نامزد وزیراعظم شہبازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 فروری 2024 20:20

حکومت میں آکرسیاسی مفادات کو نہیں، پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھنا ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 فروری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت میں آکرسیاسی مفادات کو نہیں، پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھنا ہے، پاکستان میں اب سیاسی استحکام کی صورت پیدا ہورہی ہے۔ اعلامیہ پی ایم ایل این کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے بلوچستان سے نومنتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل نے وفد کی قیادت کی، این اے 263 سے جمال شاہ کاکڑ، این اے 252 سے سردار یعقوب خان ناصر بھی وفد میں شامل تھے، این اے 257 اور پی بی 22 سے جیتنے والے جام کمال ، نواب چنگیز خان مری بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے، میاں خان مندرانی، پی بی 4 سے سردارعبدالرحمن کھیتران اور راحیلہ درانی وفد کا حصہ تھے۔

(جاری ہے)

پی بی 14 سے محمد خان لہڑی ، پی بی 15 سے میر سلیم احمد کھوسہ ، پی بی 3 سے میر شعیب نوشیروانی بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ پی بی 30سے آزاد جیت کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے میر عاصم کرد گیلو ، پی بی 41 سے ولی محمد، پی بی 51 سے کیپٹن (ر) عبدالخالق، پی بی 27 سے برکت علی رند بھی ملاقات میں شریک تھے۔ شہبازشریف نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی راہنماﺅں کے جذبے کو سراہا ۔

شہبازشریف نے کہا کہ آپ سب کی کاوشوں کی بدولت پاکستان میں سیاسی استحکام کی صورت پیدا ہورہی ہے، پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے لئے ہم سب مل کر خلوص دل سے کام کریں گے، سیاسی مفادات نہیں، پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھنا ہے۔ اس موقع پر بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلوچستان سے راہنماﺅں نے اپنے سیاسی رابطوں کے حوالے سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔ خواجہ محمد آصف، رانا ثناءاللہ ، سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، سینیٹراعظم نذیر تارڑبھی ملاقات میں موجود تھے۔