جی ڈی اے ،جماعت اسلامی اور جے یو آئی کا ازسرنو انتخابات کا مطالبہ

چوری کیا گیا عوامی مینڈیٹ واپس کیا جائے دوسری صورت میں احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کردیا جائیگا ،ڈاکٹرصفدر عباسی ایسا الیکشن ماضی میں ہوا تھا جس کے بعد مشرقی پاکستان کا سانحہ رونما ہوا، انصاف نہ ملا تو ہمارا احتجاج تیز ہو گا،سردار رحیم ،اسامہ رضی ودیگر کا مظاہرے سے خطاب

منگل 27 فروری 2024 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس )جی ڈی ای(، جماعت اسلامی اور جے یو آئی نے ازسر نو انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوری کیا گیا عوامی مینڈیٹ واپس کیا جائے ،دوسری صورت میں احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کردیا جائیگا ۔ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے کراچی پریس کلب کے باہر یوم سیاہ کے موقع پر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر تینوں جماعتوں کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے ان میں خواتین مرد اور بزرگ شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم تھامے ہوئے تھے ۔کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ چوری کیا گیا عوامی مینڈیٹ واپس کیا جائے 8فروری 2024 کو عام انتخابات کے روز ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے ،کارکنان نے بوگس الیکشن نا منظور فراڈ الیکشن نا منظور کے نعرے بھی لگائے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا جے ڈی اے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا کہ 8فروری کو ہونے والے انتخابات کی وجہ سے ملک مشکل میں ہے ملک اب نہیں چل سکے گا ہمارے پرامن احتجاج کے روز پورا کراچی بند کر کے چوروں کی طرح حلف اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ گھر مفت بنانے اور سندھ کے عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دینے کے دعوے کرنے والے کہاں ہیں یہ سب لوٹ کھسوٹ کے لئے میدان میں آئے ہیں انکا صوبے کے عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔

ڈاکٹر صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے دس ارکان پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے جو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ ہمارا احتجاج بھرپور طریقے سے جاری ہے، پاکستان بنانے کے لیے شہید سوریہ بادشاہ نے اپنا کردار ادا کیا، پیر صاحب پگارا اور حر جماعت کی ملک و قوم کے لئے قربانیاں ہیں سپریم کورٹ ملک دشمن انتخابات کا نوٹس لے، ایسا الیکشن ماضی میں ہوا تھا جس کے بعد مشرقی پاکستان کا سانحہ رونما ہوا، انصاف نہ ملا تو ہمارا احتجاج تیز ہو گا، عوامی احتجاج ہی ہماری اصل طاقت ہے، 1970 میں ریاست مخالف انتخابات ہوئے، جو پیپلز پارٹی کی ذمہ داری تھی، اب یہ پیپلز پارٹی ہے، جماعت اسلامی کے رہنما اسامہ رضی نے کہا کہ چند لوگوں کو جھوٹا ریکارڈ بنا کر خوش کیا گیا، عوامی مینڈیٹ چھین لیا گیا، کراچی پر دہشت گرد اور باقی سندھ پر چور مسلط کیے گئے، عوام ہائبرڈ ڈکٹیٹرشپ کو قبول نہیں کریں گے۔

،ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ 8 فروری کو کامیاب ہونے والے امیدواروں کو 9 فروری کو شکست ہوئی، خطاب کرتے ہوئے مظفر بروہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چرانے کے بعد پرامن احتجاج کرنے والی سندھ کی خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں مظاہرین سے جے یو آئی رہنما مولانا رشید احمد، جی ڈی اے کے خضر حیات منگریو، ارشد شر بلوچ، مولانا سمیع الحق، ایس یو پی کے خواجہ نوید، جماعت اسلامی یوتھ کے صدر یاسر یزدانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔