شہبازشریف اور انکی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کو پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے، امیر مقام

جمعرات 29 فروری 2024 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) و ممبر قومی اسمبلی انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ شہباز شریف اور انکی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کو پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) و ممبر قومی اسمبلی انجینئر امیر مقام کا بطور ایم این اے حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جنہوں نے ایک بار پھر عوامی خدمت کا موقع دیا ، این اے 11 شانگلہ کے اعتماد کا شکریہ جنہوں نے ہمیشہ کیطرح ایک بار پھر واضح مینڈیٹ کیساتھ بطور ایم این اے نمائندگی کرنے اسمبلی بھیجا۔

انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ قائد محمد نوازشریف کے وژن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کو پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے، معاشی بحران سے نکالینگے اور سیاسی استحکام بھی لیکر آئینگے ۔

(جاری ہے)

انجینئرامیرمقام نے کہا کہ اس سے پہلے بھی سولہ ماہ کی مخلوط حکومت میں شہبازشریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور اب بھی قائد نوازشریف کی قیادت اور سرپرستی میں ملک میں معاشی استحکام لائینگے۔

انہوںنے کہاکہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن ہمیں اپنے اللّٰہ پہ یقین ہے کہ مسلم لیگ ن اتحادیوں کیساتھ ملکر ملک کو مسائل کے گرداب سے بہت جلد نکالے گی اور وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کریگی۔انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے والے وہ ہیں جنہوں نے نو مئی کو اداروں پہ حملہ آور ہوکر ملک دشمنی کی اور عوام اور اداروں کو آپس میں لڑانے کی گھناونی سازش کی لیکن اللّٰہ کے فضل سے اس وقت بھی وہ ناکام ہوئے تھے اور آج بھی انکو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، عوام نے انہیں اس الیکشن میں مسترد کیا۔ انہوںنے کہاکہ اپنے علاقے سمیت پورے صوبے کی بہتری کے لئیے پہلے بھی کام کئے اور آئندہ بھی عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔