Live Updates

سردارایازصادق پانچ باررکن قومی اسمبلی اور تیسری باراسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں، سردار ایازصادق کی زندگی اورسیاسی کیریئر کا مختصر جائزہ

جمعہ 1 مارچ 2024 16:57

سردارایازصادق پانچ باررکن قومی اسمبلی اور تیسری باراسپیکر قومی اسمبلی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2024ء) پاکستانی سیاست میں نرم گو اور ٹھنڈے مزاج کے سیاستدان، سردار ایاز صادق پانچ بار رکن قومی اسمبلی اور تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔بردبار شخصیت اور دھیمے لہجے کے سیاست دان ایاز صادق نے 17 اکتبور 1954 کو لاہور میں سردار محمد صادق اور عطیہ صادق کے ہاں آنکھ کھولی۔

ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی، 1975 میں ہیلے کالج سے ڈگری حاصل کی، 1977 میں ان کی شادی سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور پہلے وفاقی محتسب سردار محمد اقبال کی صاحبزادی ریما سے ہوئی۔سردار ایاز صادق کی ایک بیٹی اور دو بیٹے ہیں۔بزنس سے وابستہ ایاز صادق نے سیاسی کیریئر کا آغاز 1996 میں پاکستان تحریک انصاف سے کیا، 1997 میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے لاہور میں صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

1998 میں ایاز صادق نے عمران خان سے اختلافات کی بنا پر پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا اور 2001 میں (ن )لیگ میں شامل ہو گئے، 2002 میں (ن) لیگ کے ٹکٹ پر بانی پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے جبکہ 2008 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیداروار کو شکست دی۔2013 میں ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کو شکست دی اور 313 کے ایوان میں 258 ووٹ لے کر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کر دی، 22 اگست 2015 کو الیکشن ٹریبونل نے انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 122 میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا۔پی ٹی آئی نے ان کے مقابلے میں عبد العلیم خان کو میدان میں اتارا، 11 اکتوبر 2015 کے ضمنی الیکشن میں بھی سردار ایاز صادق فاتح قرار پائے اور اسپیکر کا منصب سنبھالا، 2018 میں بھی (ن )لیگ کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

2022 کے سیاسی بحران کیموقع پر بانی پی ٹی آئی اور اس وقت کے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ان ہاوس ووٹنگ کیلئے پارلیمانی سیشن چیئر کیا۔8 فروی 2024 کے انتخابات میں ایاز صادق مسلم لیگ (ن )کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات