پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، وزیرِاعظم

خادم پاکستان منتخب کرنے کیلئے ایوان میں اپنی اتحادی جماعتوں کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آصف زرداری کی قیادت میں پی پی وفد سے ملاقات میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 مارچ 2024 11:52

پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، وزیرِاعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ 2024ء ) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی شامل تھے، اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ وفد نے وزیراعظم کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خدائے بزرگ و برتر اور عوام کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے پاکستان کی خدمت کیلئے ایک مرتبہ پھر سے موقع دیا، خادم پاکستان منتخب کرنے کیلئے ایوان میں اپنی اتحادی جماعتوں کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خدا کے کرم اور اپنی محنت سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

خیال رہے کہ شہباز شریف ملک کے 24 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں، ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق نے شہباز شریف کی حمایت کی جس کی بدولت قومی اسمبلی میں قائد ایوان کیلئے ہونے والے انتخاب میں شہباز شریف نے 201 اراکین کی حمایت حاصل کی ، ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے، جمعیت علمائے اسلام ف نے قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا اور ووٹنگ کے دوران ایوان سے باہر چلے گئے جب کہ اختر مینگل موجود تو رہے لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا۔